کمشنر آفس کے روبرو جہد کاروں کی گرفتاری

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) جے این یو طلبا تنظیم کے سابق صدر کنہیا کمار کے جلسہ کو اجازت نہ دینے پر دفتر کمشنر پولیس پر احتجاج کرنے والے سماجی جہد کاروں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ مشہور جہد کار جسوین کور جیرات، شیلا سارا متھیوس اور دیگر پولیس کمشنر دفتر پر احتجاج کیلئے پہونچے تاہم پہلے سے موجود پولیس عملہ نے انہیں روک لیا ۔ جہد کاروں کو پولیس نے حراست میں لے کر بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ 13 جنوری کو مہدی پٹنم کے کرسٹل گارڈن فنکشن ہال میں کنہیا کمار کی صدارت میں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف سی پی آئی نے جلسہ کا فیصلہ کیا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون سے اجازت طلب کی گئی تھی لیکن پولیس نے اسے مسترد کردیا۔ پولیس کے جانبدارانہ رویہ کے خلاف سماجی جہد کار جسوین جیرات و شیلا متھیوس دفتر پولیس کمشنر پہنچ کر احتجاج درج کروانے کا منصوبہ رکھتی تھی لیکن پولیس نے اسے ناکام بنادیا۔ پولیس نے ایک اور جہد کار امتیاز خان کو بھی حراست میں لیا ۔ اس کارروائی کے خلاف جسوین جیرات نے کہا کہ پولیس جانبدارانہ رویہ کا مظاہرہ کر رہی ہے اور پرامن احتجاج کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت سے اجازت طلب کرکے بعد کنہیا کمار کا جلسہ منعقد کیا جائیگا ۔ پولیس نے محروسین کو آج شام رہا کردیا۔