کورونا کیسس میں اضافہ، تلنگانہ سمیت 6 ریاستوں کو مرکز کی ہدایت

   

نئی دہلی: ملک کے کچھ حصوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملات میں تیزی سے اضافے کے درمیان مرکزی حکومت نے دہلی اور چھ ریاستوں کو مناسب جانچ کو یقینی بنانے، کووڈ پروٹوکول کو بڑھاوا دینے اور ویکسینیشن کی رفتار میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی صحت سکریٹری راجیش بھوشن نے دہلی، کیرالہ، کرناٹک، مہاراشٹر، اوڈیشہ، تمل ناڈو اور تلنگانہ کو لکھے ایک مکتوب میں کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے تہواروں اور بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع ہونے سے کورونا سمیت متعدی بیماریوں میں اضافے کا اندیشہ پیدا ہوسکتا ہے۔پانچ اگست کے اپنے خط میں انہوں نے اس بات زور دیا کہ آر ٹی پی سی آر اور اینٹیجن جانچ کی تجویز کردہ حصہ داری کو برقرار رکھتے ہوئے ریاست کے سبھی اضلاع میں بڑے پیمانے پر جانچ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو انفیکشن کے پھیلاو سے روکنے اور انفیکشن شرح والے اضلاع کی باریکی سے نگرانی کرنی چاہئے۔ دہلی کو لکھے گئے اپنے خط میں بھوشن نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے قومی دارالحکومت میں روزانہ زیادہ اوسط شرح سے نئے کیسز (811 کیسز) سامنے آرہے ہیں۔5 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں ہندوستان کے ہفتہ وار نئے کیسز میں سے 8.2 فیصد معاملے دہلی سے سامنے آئے اور اوسطاً روزانہ نئے کیسز میں 1.86 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 29 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 802 سے بڑھ کر 5 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں 1,492 ہوگیا۔ دہلی میں ہفتہ وار انفیکشن کی شرح میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 29 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 5.90 فیصد سے بڑھ کر 5 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں 9.86 فیصد ہو گیا۔بھوشن نے کہا کہ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں جیسے بازاروں، بین ریاستی بس اسٹینڈ، اسکولوں، کالجوں، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ میں کووڈ کے مناسب پروٹوکول کو یقینی بنانے کیلئے نئے سرے سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔