جی چنا ریڈی کو بھی پلاننگ بورڈ کے عہدہ سے برطرف کردیا گیا ، ڈسپلن شکنی پر ہائی کمان کی جانب سے کارروائی
حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان کی منظوری کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کی کابینہ سے برطرفی کیلئے گورنر شیو پرتاپ شکلا سے سفارش کی ہے۔ چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری شیشادری نے لوک بھون میں گورنر سے ملاقات کی اور انہیں چیف منسٹر کا مکتوب حوالے کیا۔ توقع ہے کہ گورنر کسی بھی وقت کونڈا سریکھا کی کابینہ سے برطرفی کے احکامات جاری کریں گے۔ ڈسپلن شکنی کے تحت ہائی کمان نے سابق وزیر ڈاکٹر جی چنا ریڈی کے خلاف کارروائی کو منظوری دی اور حکومت نے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے عہدہ سے برطرف کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی نے دونوں قائدین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی۔ کونڈا سریکھا اور چنا ریڈی کی جانب سے غیر اطمینان بخش جواب پر کمیٹی نے دونوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ۔ نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے ، قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے دونوں قائدین کے خلاف کارروائی کو منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی اور تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن سے مشاورت کے بعد کے سی وینو گوپال نے اعلیٰ قیادت سے کارروائی کی منظوری حاصل کرلی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نئی دہلی سے واپسی سے قبل ہی دونوں قائدین کے خلاف کارروائی کی گئی۔ واضح رہے کہ کونڈا سریکھا کی دختر کونڈا سشمیتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف سخت بیان جاری کیا جبکہ ڈاکٹر چنا ریڈی نے انتخابی ٹکٹ سے محرومی پر ہائی کمان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی کو جواب داخل کرتے ہوئے کونڈا سریکھا نے کہا کہ دختر کے بیان سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے نئی دہلی پہنچ کر ملکارجن کھرگے اور کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی اور اپنے موقف کی وضاحت کی۔ پارٹی ہائی کمان نے مکمل صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کونڈا سریکھا اور چنا ریڈی کے خلاف کارروائی کو منظوری دی۔ واضح رہے کہ کونڈا سشمیتا نے پرکالا اسمبلی حلقہ میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ریونت ریڈی نے کانگریس پر تلگو دیشم کلچر مسلط کردیا ہے۔ کونڈا سریکھا اور چنا ریڈی کے خلاف تادیبی کارروائی پر گزشتہ چند دنوں سے جاری غیر یقینی صورتحال آخرکار ختم ہوگئی۔ پارٹی نے بی سی طبقات میں کسی بھی ناراضگی سے بچنے کیلئے اہم عہدوں پر بی سی طبقہ کی خواتین کو نامزد کیا ہے۔1/k