دہلی ہائی کورٹ 24 مئی کو ضمانت کی درخواست پر غور کرے گی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : دہلی کے راوس ایونیو کورٹ نے شراب اسکام میں گرفتار ہونے والی بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی عدالتی تحویل میں 3 جون تک توسیع دی ہے ۔ کویتا کی عدالتی تحویل کی میعاد آج اختتام کو پہونچی تھی ۔ جس پر ای ڈی اور سی بی آئی کے عہدیداروں نے انہیں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا ۔ واضح رہے کہ کویتا 26 مارچ سے عدالتی تحویل میں ہے ۔ دہلی شراب اسکام میں سی بی آئی اور ای ڈی کی جانب سے درج کئے گئے دونوں کیسیس میں عہدیداروں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ انہیں عدالت میں پیش کیا ۔ کویتا کی ضمانت کے لیے ان کے وکلاء نے کافی کوشش کی ۔ عدالت نے ابھی تک کئی مرتبہ کویتا کی ضمانت سے متعلق اپیلیوں کو مسترد کردیا ہے ۔ جس کے بعد سے کویتا تہاڑ جیل میں ہے ۔ ای ڈی نے حال ہی میں کویتا کے دہلی شراب اسکام میں ملوث ہونے سے متعلق عدالت میں چارج شیٹ داخل کیا ہے ۔ دوسری جانب ای ڈی کے کیس میں ضمانت کی خاطر کویتا کی جانب سے داخل کردہ درخواست پر دہلی ہائی کورٹ 24 مئی کو سماعت کرے گی ۔ باربار عدلیہ کی جانب سے ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کرنے اور راحت فراہم نہ کرنے سے بی آر ایس کے حلقوں میں مایوسی دیکھی جارہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کویتا تہاڑ جیل میں زیادہ تر وقت کتابیں پڑھنے اور پوجا پاٹ کرنے میں گذار رہی ہے ۔۔ 2