کویت سٹی: کویت نیوز ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ کویتی ولی عہد الشیخ صباح خالد الحمد المبارک آل صباح اور ان کے ہمراہ وفد کل سعودی عرب کا سرکاری دورہ کرے گا۔کویت کا ولی عہد منتخب ہونے کے بعد شہزادہ الشیخ صباح خالد آل صباح کا سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وہ حال ہی میں برادر ریاست کویت کے ولی عہد مقرر کیے گئے تھے۔سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے چند روز قبل الشیخ صباح الخالد کو ریاست کویت کا ولی عہد مقرر کئے جانے پر مبارک باد پیش کی تھی۔اس وقت سعودی ولی عہد نے کویت کے ولیعہد کی کامیابی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ یہ تقرری دونوں برادر ممالک کے درمیان قائم تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔کویت کے ولیعہد نے شہزادہ محمد بن سلمان کے مخلصانہ برادرانہ جذبات کیلئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور کویت دو طرفہ تعاون اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے کام جاری رکھیں گے۔