نئی دہلی 27 مئی (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی برسی پر ان کی سمادھی شانتی ون جا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پرکھرگے نے کہا کہ پنڈت نہرو کی لازوال وراثت آج بھی ہندوستان کی آتما کی رہنمائی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہرو جی نے اپنی زندگی آزادی، جمہوریت، سیکولرازم اور سائنسی سوچ کے نظریات کے لیے وقف کر دی۔ ان کی دور اندیش قیادت آج بھی ملک کے اجتماعی شعور کو متاثر کرتی ہے اور ایک ہمہ جہت اور ترقی پسند ملک کے تئیں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہے ۔ کھرگے نے نہرو جی کو ہند کے جواہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی بھر سچائی، اتحاد اور امن کی اقدار کو برقرار رکھا اور ملک کو نئی سمت دی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ جواہر لال نہرو نے جدید ہندستان کی مضبوط بنیاد رکھی اور ایک جامع، ہم آہنگ اور ترقی پسند بھارت کی تعمیر کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔انہوں نے کہا کہ آزادی، جمہوری اصولوں، آئینی حقوق، سماجی انصاف اور سائنسی فکر پر مبنی نہرو جی کی دور اندیش قیادت ہمیشہ ملک کی رہنمائی کرتی رہے گی۔