کے سی آر نے کرنل سنتوش بابو کے پسماندگان کو پرسہ دیا

,

   

بیوہ کیلئے ملازمت اور بنجارہ ہلز میں اراضی کا الاٹمنٹ، امدادی رقم کے چیک حوالے کئے
حیدرآباد ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سوریا پیٹ پہنچ کر کرنل سنتوش بابو کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے امداد ، سرکاری ملازمت اور امکنہ اراضی الاٹمنٹ کے کاغذات حوالے کئے۔ لداخ میں چینی افواج کے ساتھ جھڑپ میں کرنل سنتوش بابو اور دیگر 19 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء جگدیش ریڈی ، وی پرشانت ریڈی اور چیف سکریٹری سومیش کمار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے سنتوش بابو کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا۔ چیف منسٹر نے سنتوش بابو کی بیوہ سنتوشی والدین منجولہ ، اوپیندر کے علاوہ بہن شروتی کو پرسہ دیا۔ انہوں نے سنتوش کے بچوں ابھیگنا اور انیرودھ تیجا سے بھی بات چیت کی ہے۔ چیف منسٹر نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کرنل سنتوش کی قربانی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرنل سنتوش کی موت سے کافی دکھی ہیں۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ وہ ہمیشہ کرنل سنتوش کے افراد خاندان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ افراد خاندان جب بھی کسی چیز کی ضرورت ہو ، ان سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کو ہدایت دی کہ اس خاندان کی دیکھ بھال کریں ۔ چیف منسٹر نے مس سنتوشی کو گروپ۔I آفیسر کی حیثیت سے تقرر کے احکامات حوالے کئے۔ انہوں نے بنجارہ ہلز حیدرآباد میں 711 مربع گز اراضی مکان کیلئے الاٹ کرتے ہوئے کاغذات مس سنتوشی کے حوالے کئے ۔ چیف منسٹر نے چار کروڑ کا چیک مس سنتوشی اور ایک کروڑ کا چیک کرنل سنتوش کے والدین کے حوالے کیا ۔ اس موقع پر راجیہ سبھا ارکان جے سنتوش کمار ، بی لنگیا ، نائب صدرنشین قانون ساز کونسل این ودیا ساگر ، ارکان اسمبلی جی کشور ، بی ملیا یادو ، سی ایچ لنگیا ، بھوپال ریڈی ، سیدی ریڈی ، زیڈ پی چیرمین، مس دپیکا یوگیندر ، میونسپل چیر پرسن ، مس انا پورنما ، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے چیرمین ، جی مہیندر ریڈی ، ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری ٹی رویندر راؤ اور دوسرے موجود تھے۔