کے سی آر کا دور حکومت ریونت ریڈی سے بہتر تھا: جیون ریڈی

   

کانگریس حکومت وعدے پورے کرنے میں ناکام، ملازمین اور بیروزگار نظرانداز
حیدرآباد ۔9۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کی حکمرانی موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے لاکھ گنا بہتر تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بی آر ایس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ آج جگتیال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس سے مستعفی سینئر قائد ٹی جیون ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر حکومت کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں سب خوش تھے۔ جن کسانوں کے نقصانات ہوئے تھے ، انہیں بھی بھرپور مدد کی گئی تھی جبکہ موجودہ کانگریس حکومت وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریونت ریڈی حکومت ملازمین اور بیروزگار نوجوانوں کو نظرانداز کر رہی ہے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ عوام کو جس طرز حکمرانی کی امید تھی وہ نظر نہیں آرہی ہے اور موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے لوگ محسوس کر رہے ہیں کہ کے سی آر کا دور بہتر تھا۔ انہوں نے قومی سطح پر بی جے پی کو بہتر قرار دیا۔ جبکہ ریاستی سطح پر کے سی آر کو مضبوط اور طاقتور لیڈر بتایا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ کی تشکیل میں کے سی آر کا اہم رول رہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلاہے کہ جیون ریڈی آج کے ٹی آر سے ملاقات کرنے کے بعد کسی بھی وقت بی آر ایس پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کی رضامندی کے بعد کے ٹی آر آج جیون ریڈی کے گھر پہنچ کر انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی ہے۔2/k/m/b