مرکز کو نشانہ بنانے اسمبلی کا استعمال ، مرکزی وزیر کشن ریڈی کا الزام
حیدرآباد13۔ فروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ملک کی معاشی صورتحال پر چیف منسٹر کے سی آر معلومات کے بغیر گمراہ کن بیانات جاری کر رہے ہیں ۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کشن ریڈی نے اسمبلی بجٹ سیشن کے آخری دن چیف منسٹر کی تقریر کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال پر کے سی آر نے عوام کو گمراہ کن معلومات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کو چیلنج کیا کہ ہندوستان سے بہتر بنگلہ دیش ، سری لنکا اور دیگر ممالک کی معاشی صورتحال پر مباحث کیلئے تیار ہوجائیں۔ پریس کلب ، گن پارک ، پرگتی بھون ، فارم ہاؤز جہاں کہیں چیف منسٹر چاہیں وہ آنے تیار ہیں۔ کشن ریڈی نے کے سی آر سے کہا کہ وہ مباحث کے موقع پر اپنا استعفیٰ ساتھ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مباحث کے موقع پر کے سی آر خاندان کی زبان میں نہیں بلکہ تلنگانہ کی زبان میں گفتگو ہونی چاہئے ۔ کے سی آر نے مرکز کو نشانہ بنانے اسمبلی کا غیر مجاز استعمال کیا ہے۔ کے سی آر ملک کی معاشی صورتحال پر تبصرہ کر رہے ہیں لیکن انہیں تلنگانہ کی فکر نہیں ہے۔ کشن ریڈی نے سوال کیا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ بجٹ اجلاس سے خطاب کیا یا پھر مخالف مودی اجلاس کو مخاطب کیا ۔ کے سی آر میں اگر ہمت ہوتی تو وہ ریاست کی صورتحال پر اسمبلی میں مباحث کیلئے تیار ہوتے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی مقبولیت سے کے سی آر نے بجٹ سیشن کو سیاسی اجلاس میں تبدیل کردیا۔ کے سی آر نے نریندر مودی کی جو کہانی بیان کی ، اس کا اطلاق خود چیف منسٹر پر ہوتا ہے۔ چیف منسٹر نے تفصیلات غلط ہونے پراستعفیٰ کا پیشکش کیا جس پر کشن ریڈی کا کہنا ہے کہ کے سی آر کو استعفیٰ کی عجلت کیوں ہے ؟ کے سی آر صبر کریں ، حکومت کے زوال کو 8 ماہ باقی ہیں، اس سے قبل استعفیٰ کی ضرورت نہیں ۔ چناؤ کے بعد کے سی آر کو استعفیٰ گورنر کو سونپنے راج بھون جانا پڑیگا۔ ر