کے سی آر کے عنقریب دورہ امریکہ کا امکان

   

سابق چیف منسٹر نے امریکی قونصل خانہ پہنچ کر ویزا حاصل کیا
حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ جلد ہی اپنے پوتے سے ملاقات اور گرمائی تعطیلات کیلئے امریکہ روانہ ہوں گے!سابق چیف منسٹر کے سی آر نے آج امریکی قونصل خانہ حیدرآباد پہنچ کر امریکی ویزا حاصل کیا۔ ذرائع کے مطابق چندر شیکھر اپنے فرزند و سابق وزیر کے ٹی راما راؤ کے ہمراہ امریکی قونصل خانہ پہنچے جہاں انہوں نے امریکی ویزا کیلئے درخواست داخل کرکے ویزاکے حصول کا عمل مکمل کیا ۔ کے چندر شیکھر راؤ کے قونصل خانہ پہنچنے پر سیاسی امور کے نگران قونصل خانہ عہدیداروں نے ان کا خیر مقدم کیا جبکہ قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد مسز جنیفر لارسن شہر میں نہ ہونے کے سبب سابق چیف منسٹر کی ملاقات نہیں ہوپائی۔ واضح رہے کہ سابق کے سی آر کے دورۂ امریکہ کی متعدد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن اب یہ بات وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ کے سی آر اپنے پوترے ہیمانشو سے ملاقات اور ان کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے بعد کچھ وقت امریکہ میں گذاریں گے۔ ہیمانشو راؤ امریکی ریاست پینسیلوینیا میں واقع یونیورسٹی کارنیجی میلون میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے پوترے ہیمانشو کے 12 ویں جماعت کی تکمیل پر آکریج اسکول میں منعقدہ گریجویشن تقریب میں بھی شرکت کی تھی اور اس وقت وہ چیف منسٹر تلنگانہ تھے ۔بارہویں کی تکمیل کے بعد ہیمانشو نے اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکی جامعہ میں داخلہ لیا تھا کے سی آر امریکہ میں ہیمانشو کے علاوہ نواسے اور نواسی سے بھی ملاقات کریں گے جو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کے ٹی راما راؤ اور مسز کے کویتا کے لڑکے اور لڑکی امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔3