مقبوضہ بیت المقدس : وزیراعظم اسرائیل بنیامین نیتن یاہو کے طیارے نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچنے کیلئے خصوصی روٹ اختیار کیا۔اس کی وجہ ان ممالک کی فضائی حدود سے اجتناب تھا جو نیتن یاہو کی گرفتاری کے وارنٹ پر عمل کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔نیتن یاہو اتوار کو واشنگٹن پہنچے تھے۔ وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور مشرق وسطی کیلئے ان کے خصوصی نمائندے اسٹیو ویٹکوف سے الگ ملاقاتیں کریں گے۔اس دوران میں غزہ میں فائر بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے مذاکرات پر تبادلہ خیال بھی ہو گا۔ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ملاقات منگل کو وائٹ ہاؤس میں ہو گی۔تل ابیب سے روانگی سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نے بتایا تھا کہ ملاقات میں اہم امور پر بات چیت ہو گی۔ ان میں حماس کیخلاف فتح، غزہ میں اسرائیلی اسیروں کی رہائی اور ایرانی دہشت گردی کے محور کے ساتھ نمٹنا شامل ہے۔
واضح رہے کہ 21 نومبر 2024 کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرایئلی وزیر اعظم اور وزیردفاع کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد نیتن یاہو کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے۔