گوگل پے سے ادائیگیوں پر اب چارجس ادا کرنا ہوگا

   

ممبئی : UPI سے بل کی ادائیگی تک مختلف خدمات پیش کرنے والے ایپس نے اب صارفین پر بوجھ بڑھانا شروع کردیا ہے۔ بل کی ادائیگی کیلئے ہر کسی نے سہولت فیس (convenience fees) وصول کرنا شروع کر دیا ہے۔ گوگل پے بھی اس دوڑ میں پیچھے نہیں ہے کیونکہ اب گوگل نے بھی صارفین سے سہولت چارجز وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اگر آپ بل کی ادائیگی کیلئے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کرتے ہیں تو آپ پر 0.5 فیصد سے ایک فیصد تک چارج کیا جائے گا۔ اس چارج کے علاوہ آپ کو GST بھی ادا کرنا پڑے گا۔ اب تک گوگل پے بل کی ادائیگی کیلئے صارفین سے کوئی اضافی فیس نہیں لیتا تھا۔ فی الحال گوگل پے نے سہولت چارج کے حوالے سے کوئی باضابطہ معلومات نہیں دی ہے۔اکنامک ٹائمز کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک سال سے گوگل پے اپنے صارفین سے موبائل چارجز پر 3 روپے کی سہولت فیس وصول کر رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب ایک صارف نے بجلی کا بل ادا کرنے کیلئے کریڈٹ کارڈ کا استعمال کیا تو ایپ نے صارف سے 15 روپے کی سہولت فیس لی۔ یہ فیس ایپ میں ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈ کے لین دین کے نام پروسیسنگ فیس کے تحت دکھائی جا رہی ہے جس میں جی ایس ٹی بھی شامل ہے۔گوگل پے کے ذریعے یو پی آئی لین دین پر چارجز کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات نہیں ہے۔ اب تک یو پی آئی لین دین مکمل طور پر مفت ہے۔ کئی بار یو پی آئی پر چارج لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن اب تک اسے حکومت نے مفت رکھا ہے۔