گوہاٹی (آسام): پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس نے مبینہ طور پر اپنے پڑوسی کے کتے کو مار کر اس کا گوشت کھا یا۔ پولیس عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمس کے مطابق یہ واقعہ چہارشنبہ کی رات پیش آیا۔ پولیس نے ملزم کو منی پور سے گرفتار کرلیا جہاں وہ ایک کرائے کے کمرہ میں مقیم تھا۔
ہاتی گاؤں پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر رتن داس نے بتایا کہ چہارشنبہ کی شب ہمیں سمرن کماری کی جانب سے ایک شکایت موصول ہوئی جو برندابن پاتھ کی ساکن ہیں۔ انہوں نے اپنے پڑوسی پر الزام لگایا ہے کہ اس نے ان کا کتا چوری کرلیا ہے۔ اس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے ان کے پڑوسی کے گھر کی تلاشی لی جہاں پولیس نے کتے کا گوشت کو پکاتے ہوئے پایا۔ ملزمین کو مزید پوچھ تاچھ کے لئے پولیس اسٹیشن لے آئے۔
پولیس افسر رتن داس نے بتایا کہ ہم نے اس جرم کے اصل سرغنہ کو منی پور کے ایک کرائے کے کمرہ سے گرفتار کیا اسی نے ہی کتے کا سرقہ کیا۔ دیگر تین افراد کو چھوڑ دیا جو یہاں پڑھنے کیلئے آئے تھے۔ پولیس اس تعلق سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔