الور: وزیر اعلی اشوک گہلوت نے الور کے اپنے دورے کے دوران حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وبامیں ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کے زیرکفالت افراد کو 50-50لاکھ روپے کی امدادی رقم کے چیک حوالے کئے ۔ سنیت کمار (نیمرانہ، الور) اور رامیشور دیال مینا (رینی، الور) پٹواری کے عہدہ پر کام کر رہے تھے ۔ مذکورہ دونوں اہلکار ڈیوٹی کے دوران کووڈ 19 سے متاثر ہوئے اور دوران علاج سنیت کمار کی 9 مئی 2021کو اور رامیشور دیال مینا کی 16 مئی 2021کوموت ہوگئی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے مذکورہ دونوں اہلکاروں کے زیر کفالت سنجو اہلیہ مرحوم سنت کمار اور کانتا بائی بیوی مرحوم رامیشور دیال مینا کو 50-50 لاکھ روپے کا چیک سونپا۔قابل ذکر ہیکہ گہلوت نے کورونا وبا کے دوران ڈیوٹی کے دوران کووڈ-19 انفیکشن کی وجہ سے سرکاری ملازمین کی موت کی صورت میں 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا تھا۔
ماضی میں ریاستی حکومت کی طرف سے سنجو بیوی مرحوم سنیت کمار کو جونیئر اسسٹنٹ اور کانتا بائی بیوی مرحوم رامیشور دیال مینا کو لیبارٹری اسسٹنٹ کے عہدہ پر ہمدردانہ تقرری بھی دی گئی ہے ۔اس دوران ریونیو منسٹر رام لال جاٹ، راجستھان اسٹیٹ سیڈ کارپوریشن کے صدر دھیرج گجر، آر ٹی ڈی سی کے چیئرمین دھرمیندر راٹھوڑ، ایم ایل اے راجندر پاریک، ضلع کلکٹر جتیندر سونی اور دیگر سینئر افسران اور عوامی نمائندے موجود تھے ۔