وارانسی : اترپردیش کے ضلع وارانسی میں گیان واپی مسجد کے ویڈیو گرافی سروے معاملے میں مقامی عدالت میں سماعت اب اگلے ہفتے 23 مئی کو ہوگی۔سول جج(سینئر ڈویژن) روی کمار دیواکر نے جمعرات کو سپریم کورٹ کی ہدایت کے پیش نظر سماعت ملتوی کرتے ہوئے نئی تاریخ 23مئی طئے کی ہے ۔ عدالت میں آج کی کاروائی شروع ہونے پر مدعی و مدعاعلیہ کی بات سننے کے بعد عدالت نے نئی تاریخ طئے کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے جمعرات کو اس معاملے میں سماعت کے دوران مقامی عدالت کو ایک دن کے لئے سماعت ملتوی رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے مدعی کے وکیل سے کہا ہے کہ وہ مقامی عدالت میں اپنی عرضی پر سماعت کے لئے فی الحال زور نہیں دے گا۔ مدعی فریق کے وکیل نے اس پر اپنی رضامندی کا اظہار کیا تھا۔