نئی دہلی: ہریانہ میں آج بی جے پی کو اس وقت ایک بڑا جھٹکہ لگا جب ہریانہ کی سیاست میں ایک ہیوی ویٹ اشوک تنور نے وفاداریاں تبدیل کیں اور جمعرات کو کانگریس میں دوبارہ شامل ہو گئے۔تنور نے مہندر گڑھ ضلع میں ایک عوامی ریالی کے دوران کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا کی موجودگی میں اپنی پرانی پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔تنور کا بی جے پی سے کانگریس میںواپس ہونا ریاست میں انتخابات سے صرف دو دن پہلے کانگریس کیلئے اہم سمجھا جارہا ہے۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کا دعوی ہے کہ سیاسی تجزیہ کار بھی تنور کے اچانک کراس اوور سے حیران ہیں۔ کچھ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ انہیں کچھ گھنٹے پہلے بی جے پی کے لئے مہم چلاتے ہوئے دیکھا گیا تھا لیکن وہ راہول کی میگا ریالی کے دوران کانگریس میں شامل ہونے آگئے۔کانگریس نے اشوک تنور کا کھلے دل سے استقبال کیا۔کانگریس نے پارٹی میں ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں ان کی واپسی سے ریاست میں دلتوں کے حقوق کی لڑائی کو تقویت ملے گی۔ہماری جدوجہد اور لگن سے متاثر ہو کر، بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر اور ہریانہ میں اس کی مہم کمیٹی کے ایک رکن نے بھی ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کی۔