تلنگانہ سے 7 ہزار عازمین کی روانگی متوقع، بجٹ میں اضافہ کیلئے حکومت سے نمائندگی، تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے ہر ضلع میں عازمین حج کی سہولت کیلئے مِنی حج ہاوز کی تعمیر کی تجویز کو منظوری دی ہے اور حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کیلئے حکومت سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ حج کمیٹی کا اجلاس صدر نشین محمد سلیم کی صدارت میں آج منعقدہوا۔ ارکان نے متفقہ طور پر ظہیرآباد میں مِنی حج ہاوز کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے کی منظوری سے متعلق صدرنشین کے اعلان کی توثیق کی تاہم ارکان کا یہ اصرار تھا کہ دیگر بڑے اضلاع میں بھی مِنی حج ہاوز تعمیر کئے جائیں اور بجٹ کے سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی جائے۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، رکن کونسل فاروق حسین، صدر نشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ، غلام احمد حسین، سید نظام الدین، جعفر خاں، نصیر الدین، میر نادر علی رضوی، عاصمہ سلطانہ اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے شرکت کی۔ اجلاس میں حج 2023 کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے کئی فیصلے کئے گئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد سلیم نے بتایا کہ ایسے اضلاع جہاں مسلم آبادی قابل لحاظ ہے وہاں بھی مِنی حج ہاوز کی تجویز ہے۔ نرمل، کریم نگر اور سنگاریڈی میں مِنی حج ہاوز کی تعمیر کا کام جاری ہے جبکہ میدک میں مِنی حج ہاوز کارکرد ہوچکا ہے۔ ایام حج کے بعد مِنی حج ہاوز کی عمارتوں میں اقلیتوں کیلئے تعلیمی اور تربیتی سرگرمیاں رہیں گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج 2023 کیلئے تلنگانہ سے 7 ہزار سے زائد عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرپورٹ پر عازمین حج کیلئے خصوصی ٹرمنل الاٹ کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ محمد سلیم عنقریب عمرہ کی سعادت کیلئے روانہ ہورہے ہیں اور وہ عازمین حج کیلئے رہائشی عمارتوں کا معائنہ کریں گے اور کونسل جنرل متعینہ جدہ سے نمائندگی کریں گے۔