ہم ایک سال کے اندر زلزلے کے زخموں پر مرہم رکھ دیں گے: اردغان

   

انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ”میں اپنی عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم ایک سال کے اندر اندر زلزلے کے زخموں پر مرہم رکھ دیں گے۔صدر اردغان 6 فروری کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں حالات کے جائزے کے لئے ضلع ادیامان کے دورے پر ہیں۔یہاں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم، نہ صرف شہری تعمیر کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کریں گے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے تمام شہروں کو مختصر ترین مدّت میں آفات کے مقابل تیار حالت میں لانے کے لئے، جو بھی ضروری ہوا کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ،زمینی ساخت کی تحقیق کے بعد تعمیر کئے گئے مکانات کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار ہو گئی ہے۔ ہم ضلع ادیامان میں تقریباً 50 ہزار مکانات تعمیر کریں گے۔ جہاں جہاں چھوٹے رہائشی علاقوں کے منصوبے اور ارضیات تحقیقات کے کام مکمل ہو رہے ہیں وہاں وہاں ہم بلا تاخیر تعمیر کا کام شروع کر رہے ہیں۔صدر ایردوان نے کہا ہے کہ زلزلہ زدہ علاقے ہزاروں سالہ تہذیب کے میزبان اور اخوّت و بھائی چارے کے ترجمان علاقے ہیں۔ ہم ان علاقوں کی روایتی ساخت کی طرف سے لاپرواہی نہیں کریں گے۔انہوں نے زلزلہ زدگان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے شہر کی حفاظت کریں اور اپنے آبائی علاقوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے کوچ نہ کریں۔ ہم، ہر منہدم رہائشی عمارت کی جگہ نئی، زیادہ خوبصورت اور زیادہ محفوظ رہائشی عمارت تعمیر کر کے آپ کے حوالے کریں گے۔