نئی دہلی: ہندوستان۔جاپان مشترکہ فوجی مشق دھرم گارڈین کا چھٹا ایڈیشن پیر کو جاپان کے مشرقی فوجی ٹریننگ ایریا میں شروع ہوا۔اس مشق کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر منعقد کی جا رہی ہے اور پہلی بار فوجیوں کی شرکت کو کمپنی کی سطح تک بڑھایا گیا ہے ۔افتتاحی تقریب میں جاپان میں ہندوستان کے سفیر سبی جارج اور جاپان گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس فرسٹ ڈویژن کے کمانڈنگ جنرل لیفٹیننٹ جنرل ٹوریمی سیجی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ مشق نہ صرف دونوں فوجوں کی آپریشنل تیاریوں میں اضافہ کرے گی بلکہ ہندوستان-جاپان دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔