ہندوستانی طلبہ اور صحافیوں کیلئے امریکہ میں قیام کی مدت میں تحدیدات متوقع

   

ہند ۔ امریکی تجارتی تنازعہ کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نئے قوانین تیار کرنے کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔28۔اگسٹ(سیاست نیوز) ہند ۔امریکہ تجارتی تنازعہ کے دوران امریکی انتظامیہ نے ہندستانی طلبہ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے لئے جاری کئے جانے والے ویزا پر مدت قیام پر تحدیدات عائد کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور اگر اس منصوبہ پر عمل کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ذرائع ابلاغ کے نمائندے جو کہ I ویزاپر جو کہ میڈیاکے نمائندوں کے لئے ہوتا ہے اور انہیں امریکی سرحد میں داخلہ پر اب تک ان کے ویزا کی مدت برقراررہنے تک قیام کی اجازت دی جاتی تھی لیکن اب جو نئے قوانین تیار کرنے کا منصوبہ جو تیار کیاگیا ہے اس کے مطابق ذرائع ابلاغ کے نمائندے جو I ویزا حاصل کرتے ہوئے امریکہ میں داخل ہوتے ہیں انہیں ان کی ذمہ داری یا جس پروگرام کے کوریج کے لئے وہ امریکہ میں داخل ہورہے ہیں اس کے اختتام تک کے لئے ہی قیام کی اجازت دی جائے گی ۔علاوہ ازیں امریکی انتظامیہ طلبہ کے لئے جو ویزا جاری کیا کرتا تھا اس میں بھی طلبہ کو یہ سہولت حاصل تھی کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے کورس کے ختم ہونے کے بعد بھی کسی اور کورس میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے امریکہ میں قیام کے اہل تھے لیکن اب ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ نے طلبہ کے لئے قیام کی مدت کو 4 سال تک محدود کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی معیاد کے دوران ہی یہ منصوبہ تیار کیا تھا تاکہ’I‘ ویزا کے علاوہ ’F‘ ویزاکے حامل افراد کی امریکہ میں مدت قیام کو محدود کرنے کے منصوبہ تیار کیا تھا لیکن امریکہ میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد بائیڈن انتظامیہ نے اس منصوبہ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی لیکن اب جبکہ ہند۔امریکہ تجارتی تنازعہ عروج پر پہنچنے لگا ہے تو ایسی صورت میں امریکی انتظامیہ نے دوبارہ اس منصوبہ پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی انتظامیہ نے H1Bویزاکے علاوہ گرین کارڈ کے قوانین میں بھی تبدیلی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو دیئے جانے والے ’I‘ ویزاکے حامل نمائندے جو امریکہ میں قیام کئے ہوئے ہیں ان کے صحافتی ذمہ داریوں کی تکمیل کے بعد انہیں ملک واپس ہونا پڑے گا اور اگر کوئی اپنے قیام کی مدت میں توسیع کرنا چاہتا ہے تو انہیں یو ایس سٹیزن شپ اینڈ ایمگریشن سروس سے رجو ع ہونا پڑے گا۔ طلبہ جو امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے کے بعد امریکہ پہنچ رہے ہیں انہیں امریکہ میں 4 سال قیام کی مدت فراہم کی جائے گی اور اگر انہیں بھی اپنے قیام میں توسیع کرنی ہے تو انہیں بھی اسی ادارہ سے رجوع ہونا پڑے گا جو کہ ان کے قیام کے 4 سال کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد قیام میں توسیع دینے یا نہ دینے کے متعلق فیصلہ کا مجاز ہوگا۔ ’I‘ ویزا کے حامل ذرائع ابلاغ نمائندوں کو جنہیں 5سال کا ویزا جاری کیا جاتا ہے انہیں اب تک ویزا کارکرد رہنے تک امریکہ میں قیام کی سہولت حاصل ہوا کرتی تھی لیکن اب ان کی مدت قیام کو 240 یوم پر محدود کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اگر اس سے زیادہ کوئی قیام کرنا چاہتا ہے تو اسے یو ایس سی آئی ایس سے رجوع ہوتے ہوئے درخواست داخل کرنی ہوگی۔3