کولمبیا کو 578 ملین ڈالر مالیتی گاڑیوں کی برآمدات، میکسیکو، سری لنکا اور نیپال میں بھی بہتر برآمدات
حیدرآباد 11 اگست (سیاست نیوز) ہندوستان کی ٹو اور تھری وہیلر انڈسٹری نے عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ ہندوستان میں تیار کی جانے والی ٹو اور تھری وہیلر گاڑیوں کی دنیا کے مختلف ممالک میں غیرمعمولی مانگ کے نتیجہ میں گاڑیوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان میں تیار کردہ ٹو اینڈ تھری وہیلر گاڑیوں کی برآمدات میں کولمبیا سرفہرست ہے جہاں مالیاتی سال 2026-27ء میں 578 ملین ڈالر مالیت کی ہندوستانی گاڑیوں کی برآمدات ہوئی ہیں۔ میکسیکو، سری لنکا، نیپال اور نائجیریا میں بھی ہندوستان کی تیار کردہ گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان سے ٹو اینڈ تھری وہیلر گاڑیوں کی برآمدات سے اِس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ہندوستان میں تیار کی جانے والی گاڑیاں تکنیکی اعتبار سے زیادہ مضبوط ثابت ہوئی ہیں۔ ہندوستان کے موسمی حالات کے پیش نظر آٹو موبائیل انڈسٹریز گاڑیوں کی تیاری کے سلسلہ میں عالمی سطح پر مانگ کو دیکھتے ہوئے فیصلے کرتے ہیں۔ ہندوستان کی گاڑیوں کی برآمدات میں نیپال، نائجیریا، برازیل، فلپائن، گونتیمالا اور ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو شامل ہیں۔ ایک سال کے دوران میکسیکو میں 320 ملین ڈالر اور سری لنکا میں 257 ملین ڈالر مالیت کی گاڑیوں کی برآمدات ہوئی ہیں۔ نیپال نے 218 ملین ڈالر مالیت کی ہندوستانی گاڑیاں حاصل کی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایشیاء اور افریقی ممالک میں ٹو اینڈ تھری وہیلر گاڑیوں کے استعمال کا رجحان دیگر ممالک کے مقابلہ زیادہ ہے۔ بعض ماہرین کے مطابق ہندوستان سے حاصل کی جانے والی گاڑیاں دیگر ممالک کی گاڑیوں کے مقابلہ کم قیمت میں حاصل ہوجاتی ہیں۔V/1/k/b