چنڈی گڑھ ملک میں سرِ فہرست،تلنگانہ میں تقریباً اسی فیصد خاندان پختہ مکانات میں
حیدرآباد، 19 نومبر (سیاست نیوز): پختہ مکانات میں قیام کرنا ہر خاندان کا خواب ہوتا ہے۔ ہندوستان میں آج بھی چالیس فیصد خاندان عارضی اور غیر پختہ مکانات میں مقیم ہیں۔ ملک میں پختہ مکانات میں رہائش پذیر افراد سے متعلق ایک سروے رپورٹ منظرِ عام پر آئی ہے جس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ قومی سطح پر 60.3 فیصد خاندان پختہ مکانات میں مقیم ہیں۔ ریاستوں اور مرکزی زیرِ انتظام علاقوں میں یہ اعداد و شمار مختلف ہیں۔ پختہ مکانات میں خاندانوں کے قیام کے سلسلے میں چنڈی گڑھ ملک میں سرِ فہرست ہے۔ سروے کے مطابق 96.1 فیصد خاندان چنڈی گڑھ میں پختہ مکانات میں مقیم ہیں۔ گوا اور لکشدیپ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جہاں بالترتیب 90 فیصد اور 89.1 فیصد خاندان پختہ مکانات میں مقیم ہیں۔ پڈوچیری میں یہ تعداد 88.7 فیصد جبکہ تمل ناڈو میں 87.9 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ آندھرا پردیش میں 84.6 فیصد خاندان پکے مکانات میں مقیم ہیں جبکہ کیرلا میں 83.4 فیصد خاندان پکے مکانات میں رہائش پذیر ہیں۔ تلنگانہ میں 79.2 فیصد خاندان پختہ مکانات میں مقیم ہیں، پنجاب میں 78.3 فیصد اور گجرات میں 77.2 فیصد خاندان پختہ مکانات میں رہائش پذیر ہیں۔ قومی سطح پر یہ سروے اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملک میں آج بھی بیشتر خاندان پختہ مکانات سے محروم ہیں اور عارضی مکانات میں مقیم ہیں۔ 2019 اور 2021 کے درمیان قومی سطح پر یہ سروے کیا گیا جس میں اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی گئی کہ ہندوستان کے بیشتر خاندان کن مکانات میں مقیم ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راجستھان، بہار، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش جیسی بڑی ریاستوں میں تقریباً پچاس فیصد خاندان ہی پختہ مکانات میں مقیم ہیں۔ اتر پردیش میں 40.5 فیصد، مدھیہ پردیش میں 45.2 فیصد اور راجستھان میں 54.5 فیصد خاندان پختہ مکانات میں مقیم ہیں۔1/m/b