ہندوستان پر آئی ایس آئی ایس کے حملہ کی سازش!

   

کرناٹک اور مہاراشٹرا میں این آئی اے کے دھاوے‘15مشتبہ افراد زیر حراست

نئی دہلی: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ (9 دسمبر) کی صبح کرناٹک اور مہاراشٹرا میں تقریباً 44 مقامات پر چھاپے مارے۔ میڈیا کے مطابق یہ چھاپہ ماری عالمی دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا (آئی ایس آئی ایس، داعش) کے ذریعے ملک بھر میں حملوں کو انجام دینے کی سازش کے معاملے میں کی جا رہی ہے۔اے این آئی کے مطابق، 44 مقامات ایسے ہیں جہاں ہفتہ کی صبح سے این آئی اے کے چھاپے جاری تھے۔ اس میں سے کرناٹک میں ایک جگہ پر چھاپے ماری کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی این آئی اے حکام نے پونے میں 2، تھانے دیہی میں 31، تھانے سٹی میں 9 اور بھایندر میں ایک جگہ پر چھاپہ مارا۔ رپوورٹ کے مطابق این آئی اے دہشت گرد تنظیم کے ہندوستان میں دہشت اور تشدد پھیلانے کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے ایک جامع تحقیقات کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق این آئی اے کے دھاوؤں کے دوران 15مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ اس سے قبل بھی ایسے چھاپے مارے جا چکے ہیں جن میں متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق این آئی اے حکام کی چھاپہ مار کارروائی جاری تھی۔ ایسے میں یہ بھی امکان ہے کہ اگر حکام کو کوئی سراغ یا ثبوت ملے تو دیگر مقامات پر بھی چھاپے مارے جا سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو چھاپے مارے جانے والے مقامات کی تعداد بڑھ جائے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق داعش کے خود ساختہ ماڈیول پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر مہاراشٹرا میں آئی ایس کے اس طرح کے ماڈیول کے چھپے ہونے کی اطلاع ہے۔ اس سے قبل بھی مہاراشٹرا میں اس طرح کے ماڈیول کا پردہ فاش ہو چکا ہے۔ این آئی اے یہ معلومات بھی اکٹھا کر رہی ہے کہ آیا ان ماڈیولز میں نوجوانوں کو بہکانے اور انہیں بنیاد پرست بنانے کے لیے کوئی کام کیا گیا ہے۔