ہندوستان کو تیل کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی ‘ سعودی عرب کا تیقن

   

نئی دہلی 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کو ‘ جو دنیا میں تیل کا تیسرا سب سے بڑا گاہک ہے ‘ تیل کی سپلائی میں کوئی کمی نہیں آئے گی ۔ سعودی عرب نے یہ تیقن دیا ہے ۔ وزارت تیل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سعودی آرامکو عہدیداروں نے ہندوستانی حکام کو مطلع کیا ہے کہ ہندوستان کو تیل کی سپلائی میں کوئی کمی نہیں آئے گی ۔ وزارت پٹرولیم اور قدرتی گیس کی جانب سے صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور ہندوستانی و سعودی حکام سے بھی رابطے رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں ایک بڑی تیل کی تنصیب پر ڈرون حملے کئے گئے تھے جن کے بعد وہاں آگ لگ گئی تھی اور وہاں سے سعودی عرب نے عارضی طور پھر تیل کی پیداوار روک دی تھی ۔ سعودی عرب کی جملہ پیداوار کو نصف کردیا گیا تھا ۔ ہندوستان اپنی تیل کی ضروریات کا 83 فیصد حصہ بیرونی ممالک سے حاصل کرتا ہے اور سعودی عرب اسے تیل فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے ۔ عراق سے ہندوستان کو سب سے زیادہ تیل آتا ہے ۔ 2018-19 میںسعودی عرب نے ہندوستان کو 40.33 ملین ٹن تیل فراہم کیا تھا سعودی عرب میں تیل کی تنصیب پر حملے اور پیداوار میںکمی کے بعد پیر کو تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ یہ اضافہ بعض عالمی اور مغربی کمپنیوں کی جانب سے کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حالانکہ سعودی آرامکو نے ہندوستان کو تیل کی سپلائی میں کوئی کمی نہ کرنے کا تیقن دیا ہے تاہم یہ اندیشے ضرور لاحق ہیں کہ ہندوستان میں بھی فیول کی قیمتوں میں کمی آئے گی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آرامکو نے واضح کردیا ہے کہ ہندوستان کو تیل کی سپلائی حسب سابق جاری رہیں گی اور کوئی بڑی رکاوٹ نہیں آئے گی ۔ سعودی عرب نے تاہم ہندوستان کو کی جانے والی سپلائی کے شیڈول میں قدرے لچک پیدا کرنے کی خواہش ضرور کی ہے ۔