ہندوستان کیساتھ باہمی سیریز کیلئے پاکستان کی کوشش

   

کراچی : پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے ہندوستان کے ساتھ آئندہ ماہ نئی دہلی میں منعقد شدنی 47 ویں ایف آئی ایچ کانگریس کے دوران باہمی سیریز کے لئے کوشش کئے جانے کا امکان ہے۔ پی ایچ ایف کے عہدیداروں کی جانب سے 47 ویں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کانگریس میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہاکی سیریز کے مسئلہ کو اُٹھائے جانے کا قوی امکان ہے۔ مذکورہ اجلاس ہندوستان کے دارالحکومت میں 9 تا 23 مئی کو منعقد شدنی ہے۔ پی ایچ ایف کے ذرائع نے کہاکہ یہ ایک اہم اجلاس ہے جس میں ایف آئی ایچ کے صدر اور ایگزیکٹیو بورڈ ارکان بھی آئندہ چار برس کی میعاد کے لئے منتخب ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ یہ اجلاس ہمارے لئے ایک بہترین موقع ہوگا جہاں ہم ہندوستانی ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں سے دونوں ٹیموں کے درمیان باہمی سیریز کے احیاء کے لئے مذاکرات کرسکیں گے۔ پی ایچ یف کے صدر خالص سجاد کھوکھر اور سکریٹری آصف باجوہ مذکورہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں جس کے لئے انھوں نے ہندوستان سے اپنے ویزا کے لئے درخواست بھی داخل کی ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ پاکستان پڑوسی ملک ہندوستان کے ساتھ ہاکی کی باہمی سیریز کے تیسرے مقام پر منعقد کرنے کوشاں ہے اور اس کے لئے وہ مجوزہ اجلاس کو اپنے لئے ایک بہترین موقع تصور کررہا ہے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گزشتہ ایک دہے کے دوران کوئی باہمی ہاکی سیریز نہیں ہوئی ہے۔