ماؤنٹ مونگانوئی، 15 نومبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی فاسٹ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں اور آخری ونڈے میں نیوزی لینڈکو22 رنز سے شکست دے دی۔ بے اوول میں اتوارکو کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستان نے 209 رنز کا دفاع کرتے ہوئے سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔ اس شکست کے ساتھ نیوزی لینڈ کو7 سال بعد اپنی سرزمین پر پہلی ونڈے سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔گوتم گمبھیرکی کوچنگ میں بیرون ملک حالات میں ہندوستان کی یہ پہلی ونڈے سیریز کامیابی بھی ہے۔210 رنزکے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم48.1 اوورز میں187 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ارشدیپ سنگھ نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد سراج اور اکشر پٹیل نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عاقب نبی، نمن دھیر اور اپنا پہلا ونڈے کھیلنے والے یش ٹھاکر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان شریاس ایر نے اپنے فاسٹ بولرز پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں بہترین انداز میں استعمال کیا۔ہندوستان کی جیت میں بولرزکا کردار اس لیے بھی اہم رہا کہ بیٹنگ میں ٹیم کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی۔ روہت شرما اور ویراٹ کوہلی یک ہندسی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جبکہ اکشر پٹیل اور ایشان کشن نے 46، 46 رنز بنائے۔ آخری وکٹ کے لیے محمد سراج اور ارشدیپ سنگھ کی 26 رنزکی شراکت فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے تین چوکے لگاکر تیز آغازکیا، لیکن سیریز کا اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سراج نے چھٹے اوور میں ٹم سیفرٹ کو14 رنز پر آؤٹ کیا۔ عاقب نبی نے نویں اوور میں میڈن کیا، جبکہ ارشدیپ سنگھ نے دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ روتوراج گائیکواڑ نے ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر شاندار کیچ لے کر ول ینگ کو 22 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ نک کیلی 24 رنز بنانے کے بعد اپنی ہی وکٹوں پر گیند کھیل بیٹھے۔سراج نے فن ایلن کی وکٹیں اڑا کر نیوزی لینڈ کا اسکور83 رنز پر 4 وکٹ کردیا۔ درمیانی اوورز میں ہندوستان نے دو کیچ چھوڑے۔ وراٹ کوہلی نے ڈین فاکس کرافٹ کا آسان کیچ گنوایا، جبکہ یش ٹھاکر مائیکل بریسویل کا واپسی کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔ تاہم عاقب نبی نے باؤنسر پر بریسویل کو19 رنز پر آؤٹ کیا۔اگلی ہی گیند پر یش ٹھاکر نے فاکس کرافٹ کو31 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پہلی ونڈے وکٹ حاصل کی۔ اس مرحلے پر نیوزی لینڈ کا اسکور 119 رنز پر 6 وکٹ تھا۔ ٹھاکر نے بولنگ کے دوران تین مرتبہ گیند پھینکتے وقت وکٹوں کو چھوا، جس کے باعث ان کے خلاف نو بال دی گئی، تاہم انہوں نے 38 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔مچل سینٹنر نے 24 رنز بناکر کچھ مزاحمت کی، لیکن ارشدیپ کی گیند پر ان کا کیچ ڈیپ مڈ وکٹ پر پکڑا گیا۔ کرسٹیئن کلارک کو ارشدیپ نے ایشان کشن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ آخر میں اکشر پٹیل نے جیکب ڈفی کو لانگ آن پر کیچ آؤٹ کرایا اور بلیئر ٹکنر کو14 رنز پر اسٹمپ آؤٹ کرکے ہندوستان کو یادگار کامیابی دلائی۔ہندوستان نے اس دورہ پر ٹی 20 سیریز بھی اپنے نام کیا۔