رام مندر چندہ چوری کے بعد بی جے پی اور آر ایس ایس سے دو ر ہندوتوا حامیوں کو عبدل کے نام پر متحد کرنے کی کوشش ، اکھلیش یادو کا خصوصی انٹرویو
لکھنؤ۔14۔نومبر(سیاست نیوز) اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج ملک کے سیاسی شیرازے کو تبدیل کرنے کا نقیب ثابت ہوسکتے ہیں اوراترپردیش میں سیکولر سیاسی جماعتوں کو حاصل ہونے والی کامیابی ملک بھر میں سیکولر طاقتوں کو نئی طاقت عطا کرسکتی ہے۔ اتر پردیش میں ’’ساماجک پریورتن مورچہ‘‘ کی تشکیل کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے یہ نظریہ خود اس بات کا ثبوت ہے کہ ’مورچہ‘ میں شامل سیاسی جماعتیں سیکولر جماعتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اکھلیش یادو سابق چیف منسٹر اترپردیش وسربراہ سماج وادی پارٹی نے یہ طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو اس نظریہ کو فروغ دے رہے ہیں کہ ’ساماجک پریورتن مورچہ‘ سے سیکولر جماعتوں کی نیندیں اڑنے لگی ہیں انہیں سمجھنا چاہئے کہ مورچہ میں شامل سیاسی جماعتیں چاہتی کیا ہیں!حالانکہ مورچہ میں شامل سیاسی جماعتوں کے قائدین بیرسٹر اسدالدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد دونوں ہی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کو شکست دینے کے لئے مورچہ تشکیل دیئے ہیں۔اکھلیش یادو نے ایک خصوصی ملاقات میں انٹرویو کے دوران ’مورچہ‘ کی تشکیل پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملاقات کے دوران اترپردیش کی سیاسی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں ’رام مندر چندہ چوری‘ میں بھارتیہ جنتاپارٹی اور آر ایس ایس کے ملوث ہونے کے انکشاف سے وہ ہندوتوا کے حامی جو مندر میں ہوئی دھاندلیوں کے معاملہ میں بی جے پی سے دوری اختیار کر چکے تھے انہیں اب ’عبدل‘ کے نام پر متحد کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے حالانکہ تیسری مرتبہ اترپردیش میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے کا کوئی امکان نہیںہے ۔اکھلیش یادو نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ انتخابات کے دوران میں آنے والے ’سیلانی ‘ اترپردیش کے عوام اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے خاتمہ کے لئے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں وہ بنیادی طور پر جذباتی ہیں اسی لئے انہیں جذباتیت کے بجائے حساس صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا چاہئے اور انہیں یقین ہے کہ اترپردیش کے مسلمان اور دلت کے علاوہ پسماندہ طبقات دیگر سیکولر طبقات کے ساتھ متحدہ طور پر بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اکھلیش یادو نے اترپردیش اسمبلی کے امکانی نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بھارتیہ جنتاپارٹی ’ووٹ چوری‘ کے الزامات کا سامنا کررہی ہے اور اترپردیش میں ’رام مندر‘ چندہ چوری معاملہ نے بی جے پی کے حقیقی چہرہ کو بے نقاب کردیا ہے لیکن اس کے باوجود بھارتیہ جنتاپارٹی مخالف بی جے پی ووٹ کی تقسیم کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ سربراہ سماج وادی پارٹی نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں کسی بھی شخص سے دریافت کرنے پر یہ کہہ رہا ہے کہ اب اترپردیش میں بی جے پی اقتدار میں نہیں آئے گی لیکن اس کے باوجود بی جے پی اپنی آخری کوشش کے طور پر فرقہ وارانہ خطوط پر رائے دہندوں کو منقسم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔انہوں نے دعویٰ کے ساتھ کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی ’اترپردیش اسمبلی نتائج‘ کا نوشتۂ دیوار پڑھ چکی ہے اسی لئے اب کسی ایک طبقہ پر انحصار کے بجائے دیگر طبقات بالخصوص دلت ووٹوں کو بھی تقسیم کرنے کی سازش کرر ہی ہے۔ سربراہ سماج وادی پارٹی نے 2022 اسمبلی انتخابات اور 2024 عام انتخابات کے نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے ۔ انہوں نے مجلس اتحادالمسلمین کے اتر پردیش انتخابات میں حصہ لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں کوئی بھی ہندستانی شہری یا سیاسی جماعت انتخابات میں حصہ لینے کا حق رکھتی ہے لیکن جو انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنی کارکردگی کی حقیقی رپورٹ کے ساتھ عوام کے درمیان پہنچیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ دواخانو ں میں مفت علاج یا رعایتی قیمتوں پر علاج کے دعوے کرنے والوں کی حقیقت سے وہ بخوبی واقف ہیں کہ وہ کس طرح سے اترپردیش کے معصوم عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ طبی و تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ پہلے اپنے حلقہ انتخاب میں رائے دہندوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کریں اور ثابت کریں کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب میں اپنے دواخانوں کے ذریعہ رعایتی قیمتوں میں بہتر طبی و تعلیمی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔اکھلیش یادو نے ہندستانی سیاست میں ’مشتبہ کردار‘ کی حیثیت سے اپنی شناخت بنانے والے سماج وادی سے اتحاد کی کوشش کرتے رہے اور سماج وادی پارٹی نے جب کوئی جواب نہیں دیا تو اب ’مورچہ‘ لیکر نکل پڑے ہیں۔انہو ںنے عوام اور ان کی پارٹی پر الزامات عائد کرنے والے سیاسی قائدین سے استفسار کیا کہ ’کیا ان کے ساتھ اتحاد کے بعد وہ الزام دھل جائیں گے!انہو ںنے مزید کہا کہ اگر سماج وادی پارٹی پر فرقہ واریت اور مسلم دشمنی کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو پارٹی بلیک میل ہونے والی نہیں ہے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ ساماجک پریورتن اور تمام طبقات کی یکساں ترقی کے قائل ہیں اور سماج وادی پارٹی جب بھی اقتدار میں رہی اس بات کو یقینی بنایا جاتا رہا لیکن ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلاتے ہوئے ’ووٹ چوری‘ اور ’ووٹ کی تقسیم ‘ کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے والوں نے اترپردیش ہی نہیں بلکہ ملک کی کئی ریاستوں میں اپنے آلۂ کاروں کا استعمال کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیاہے۔انہوں نے اترپردیش میں ذات پات اور طبقات پر مبنی رائے دہی کے سلسلہ میں استفسار پر بتایا کہ پسماندہ ‘ دلت ‘ اقلیت کے درمیان اتحاد کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششیں درحقیقت بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی راہ ہموار کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے اترپردیش میں رائے دہی کے دوران رائے دہندوں کو منقسم کرنے کی کوشش کو بی جے پی کی مدد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب عوام ان سازشوں کو سمجھ چکے ہیں اور اب ’عبدل‘ کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے یا ان کے ووٹوں کو تقسیم کرنے سے کسے فائدہ ہوگا یہ بات عوام کی سمجھ میں آنے لگی ہے۔انہوں نے انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں کے انتخابات میں حصہ لینے کو جمہوریت کے استحکام سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے کھلے نظریات کے ساتھ میدان میں آنا چاہئے لیکن یہاں سازشی عناصر کارفرما ہیں ۔3