بنگلور و : سابق چیف منسٹر کرناٹک اور سینئر بی جے پی لیڈر بی ایس یدی یورپا کی نواسی سوندریا نے آج خودکشی کرلی ۔ سوندریا کی نعش بنگلورو کے ایک اپارٹمنٹ میں جمعہ کی صبح لٹکی پائی گئی ۔ سابق چیف منسٹر کی بڑی بیٹی پدما کی دختر سوندریا بنگلورو کے ایم ایس رامیا ہاسپٹل میں ڈاکٹر کی حیثیت سے خدمات ادا کرتی رہی ۔ زائد از 30 سال کی عمر والی سوندریا اپنے ساتھی ڈاکٹر شوہر اور 6 ماہ کے بچے کے ساتھ پاش علاقہ میں مقیم تھی ۔ بتایا گیا کہ وہ زچگی کے بعد ڈپریشن کا شکار معلوم ہورہی تھی ۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ اے دیانیندر نے کہا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں سوندریا زچگی کے بعد نفسیاتی طور پر پست ہوچلی تھی ۔ اس لئے اس کے ایسے اقدام پر تعجب نہیں ۔ یدی یورپا فیملی کے قریبی لیڈر دیانیندر نے کہا کہ یدی یورپا کو اپنی نواسی کی موت پر کافی دکھ ہوا ہے ۔ نعش سوندریا کے بیڈروم میں پائی گئی اور اسے فوری ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ اسے مردہ حالت میں لایا گیا ۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر ستیش نے میڈیا کو بتایا کہ سوندریا کی گردن پر نشان پایا گیا ۔