یوتھ کانگریس کی آج بیروزگاری دیکشا

   

چیف منسٹر روزگار یا بیروزگاری بھتہ کی اجرائی میں ناکام : یوتھ کانگریس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس شیوسینا ریڈی نے کہا کہ 27 فروری اتوار کو گاندھی بھون کے احاطے میں بیروزگاری دیکشا کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں انڈین یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیوسینا ریڈی نے کہا کہ پہلے دھرنا چوک اندرا پارک پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ مگر پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی ۔ جس کی وجہ سے احتجاجی دیکشا کے مقام کو گاندھی بھون منتقل کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو اور تشہیری کمیٹی کے صدر نشین مدھوگوڑ یشکی دیکشا کا آغاز کریں گے ۔ صدر انڈین یوتھ کانگریس بی وی سرینواس مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ جب کہ اختتامی پروگرام میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین شرکت کریں گے ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں وعدے کے مطابق بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ریاست کے مختلف محکمہ جات میں ایک لاکھ 90 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ جب بھی انتخابات آتے ہیں ۔ چیف منسٹر اور وزراء کی جانب سے ملازمتوں کی فراہمی کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے اعلانات کیے جاتے ہیں ۔ اعلیٰ عہدیداروں کی کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں ۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کرنے کے لیے سرگرمیاں دکھائی جاتی ہیں ۔ انتخابی عمل ختم ہونے کے بعد تمام سرگرمیاں ٹھپ ہوجاتی ہیں ۔ بیروزگاری بھتہ کی اجرائی میں بھی تلنگانہ حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ۔۔ ن