ملک بھر میں 20 مقامات پر سی بی آئی کے دھاوے،
دس افراد بشمول نیاک عہدیداران گرفتار
حیدرآباد 2 فبروری (سیاست نیوز) سی بی آئی عہدیداروں نے پھر ایک مرتبہ ہلچل کرتے ہوئے ملک بھر میں تقریباً 20 مقامات پر چھاپے مارے۔ NAAC ریٹنگ کے لئے رشوت کے الزامات کے بعد سی بی آئی نے تفتیش کرتے ہوئے اپنی کارروائی کے دوران مختلف مقامات سے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سی بی آئی نے گنٹور کی ایک یونیورسٹی کے ملازم سمیت NAAC کے عہدیدار کو گرفتار کرلیا۔ سی بی آئی نے چینائی، وجئے واڑہ، بنگلور، بھوپال، دہلی میں چھاپے مارے۔ سی بی آئی کو تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ NAAC ریٹنگ کے لئے رشوت کے طور پر نقد رقم، سونا، سیل فونس، لیاپ ٹاپ حاصل کئے گئے تھے۔ سی بی آئی عہدیداروں نے گرفتار شدہ افراد کے پاس سے 37 لاکھ روپئے نقد رقم، 6 لیاپ ٹاپ اور سیل فونس ضبط کرنے کی اطلاع ملی اور ساتھ ہی چند اہم دستاویزات کو بھی عہدیداروں کے پاس سے ضبط کیا۔ سی بی آئی کو متعدد شکایات وصول ہونے کے بعد اپنی کارروائی کو پوشیدہ طریقہ سے انجام دیتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور اُمید کی جارہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مزید گرفتاریاں ممکن ہے۔ (ش)