یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی وکالت ‘ ہندوستان امن کا خواہاں

,

   

وزیر اعظم نریندر مودی کا روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کو پیام ۔ بشکیک میں دونوں قائدین کی ملاقات ۔ صدر روس کو دورہ ہند کی دعوت
بشکیک 31 اگسٹ ( ایجنسیز ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے خواہش کی کہ وہ یوکرین کے خلاف جنگ کو ختم کریں ۔ مودی نے صدر پوٹن سے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ملاقات کی ۔ بشکیک میں شنگھائی تعاون کونسل کے سربراہان مملکت کا اجلاس ہونے والا ہے جس میں شرکت کیلئے یہ قائدین وہاں پہونچے ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور روس کو اس معاملے میں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ‘ یوکرین میں جنگ بند کرنے اور امن قائم کرنے کی ہر کوشش کی تائید و حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جنگ ختم کرتے ہوئے امن قائم کرنے کی ہر کوشش کی تائید و حمایت کرتا رہے گا ۔ مودی نے ملاقات کے بعد صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان تمام مسائل کو پرامن طور پر حل کرنے کی وکالت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو پرامن طور پر حل کرنا ہی انسانیت کیلئے ضروری ہے ۔ واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے مابین چار سال سے جنگ چل رہی ہے ۔ نریندر مودی نے اس ملاقات کے موقع پر کہا کہ ہمیں اس غیر مختتم جنگ سے جنگ کے خاتمہ کی سمت آگے بڑھنا چاہئے ۔ یہ ساری انسانیت کی بقاء اور بہتری کیلئے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا ایک پرامن حل انسانیت کی اولین ضرورت ہے اور یہی ہندوستان کا عالمی برادری کیلئے پیام بھی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاندھی کی سرزمین اور گوتم بدھ کی سرزمین ( ہندوستان ) کا واحد پیام یہی ہے کہ امن کا راستہ اختیار کیا جائے ۔ ہندوستان کے پیام امن پر زور دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان امن قائم کرنے کی سمت ہونے والی تمام کوششوں کے ساتھ شریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کا ہرگذرتا دن انسانیت کو پیچھے ڈھکیلتا ہے ۔ جبکہ امن کی سمت بڑھنے والا ہر قدم انسانیت کیلئے ایک نئی امید اور جذبہ فراہم کرتا ہے ۔ ہمیں اسی سمت میں پیشرفت کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ جاریہ سال نریندر مودی اور ولادیمیر پوٹن کی یہ پہلی ملاقات تھی ۔ دونوں قائدین نے ڈسمبر 2025 میں ملاقات کی تھی جب پوٹن دو روزہ دورہ پر ہندوستان آئے تھے ۔ دونوں قائدین نے بشکیک میں ملاقات کے موقع پر مصافحہ کیا اور ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئے ۔ نریندر مودی نے ولادیمیر پوٹن کو جاریہ سال کے اواخر میں ہندوستان میں ہونے والی برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے بھی مدعو کیا اور کہا کہ سارا ملک ان کا استقبال کرنے بے چین ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر پوٹن ہندوستان کا دورہ کرتے ہیں تو اس سے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی ۔