کیف : کسی عرب میڈیا کے ساتھ اپنی نوعیت کے پہلے انٹرویو میں یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکی نے گزشتہ برس روس کے یوکرین پر حملے کی تفصیل بتائی ہے۔ اولینا نے ’’العربیہ‘‘ سے خصوصی گفتگو کی اور بتایا کہ اس وقت یہ حملہ مختلف اطراف سے تھا اور حملہ بغیر کسی پیشگی انتباہ کے کیا گیا تھا۔ یاد رہے جمعہ 24 فروری 2023 کو یوکرین میں روسی فوجی آپریشن کے آغاز کو ایک سال مکمل ہو رہا اور یہ جنگ دوسرے سال میں داخل ہو رہی ہے۔ یوکرین کی خاتون اول نے اپنے اس منفرد انٹرویو میں یوکرین پر روسی حملے کے پہلے دن کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے مشکل لمحہ بچوں کو بتانا تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لمحہ تھا جب ان کا خاندان الگ ہوگیا کیونکہ ان کے شوہر صدر زیلنسکی جنگ میں مصروف ہوگئے۔