آؤٹر رنگ روڈ ٹنڈرس میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا فیصلہ

   

ریجنل رنگ روڈ سے آؤٹر رنگ روڈ کو مربوط کرنے کا منصوبہ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی میں ہوئی دھاندلیوں کیخلاف حکومت سی بی آئی یا اسی سطح کی کسی تحقیقاتی ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کروائے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مسز امرا پالی کو ہدایت دی کہ آؤٹر رنگ روڈ کے علاوہ ریجنل رنگ روڈ کے ٹنڈرس کی فراہمی میں ہونے والی دھاندلیوں کی تمام تر تفصیلات حکومت کو پیش کی جائیں تاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کی جامع تحقیقات کو یقینی بنایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے محکمہ بلدی نظم ونسق کے جائزہ اجلاس میں تمام تفصیلات فوری طور پر انہیں پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے آؤٹر رنگ روڈ کے ٹول ٹیکس وصولی کے ٹنڈرس کی بھی جامع تحقیقات کے احکام جاری کئے اور کہا کہ ان بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں جو عہدیدار ملوث ہیں ان کیخلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گے۔حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں 2050ماسٹرپلان کی تیاری عمل میں لائی جائے اور آؤٹر رنگ روڈ کو ریجنل رنگ روڈ سے مربوط کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دونوں شہروں اور نواحی علاقوں کی ترقی کا وسیع منصوبہ تیارکیا جائے ۔ چیف منسٹر نے آج محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیداروں بالخصوص ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی اور کہا کہ دونوں شہروں کے ساتھ نواحی علاقوں کی ترقی کے منصوبہ کی تیاری کرتے ہوئے اسے حکومت کو پیش کیا جائے تاکہ حکومت اس منصوبہ کا جائزہ لینے کے بعد اسے قطعیت دے سکے۔ چیف منسٹر نے آج سکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کی جامع ترقی کی پالیسی کی تیاری کو یقینی بنائیں۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ں کو ہدایت دی کہ وہ او آر آر کے اندرونی حصہ کو تجرباتی اساس پر ترقی یافتہ بنانے کی منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آؤٹر رنگ روڈ کے بجائے ریجنل رنگ روڈ کا حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا حصہ بنانے کیلئے تجاویز تیار کریں تاکہ او آر آر کے بجائے آر آر آر کے دائرہ کار میں آنے والے منصوبوں کو تیز رفتار ترقی سے ہمکنار کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔3