آئی ایم ایف سری لنکا کی فوری مدد کرے :سیتا رمن

   

واشنگٹن: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے سری لنکا میں بڑے اقتصادی بحران اور ہندوستان کی طرف سے دی جارہی مدد کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پڑوسی ملک کو فوری مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔محترمہ سیتا رمن نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ آج یہاں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ-ورلڈ بینک (آئی ایم ایف-ڈبلیو بی) کی میٹنگ کے دوران سری لنکا کے مسئلے سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ سیتا رمن نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے سری لنکا کو فوری مالی امداد فراہم کی جانی چاہیے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ آئی ایم ایف سری لنکا کے ساتھ فعال طور پر روابط جاری رکھے گا۔ جارجیوا نے ہندوستان کے ویکسینیشن پروگرام اور اپنے پڑوسی اور دیگر کمزور معیشتوں کے لیے امداد کی تعریف کی۔ آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر نے خاص طور پر سری لنکا کے مشکل معاشی بحران کے دوران ہندوستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کا ذکر کیا۔حالیہ جغرافیائی سیاسی پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے محترمہ سیتا رمن اور محترمہ جارجیوا نے عالمی معیشت پر اس کے اثرات اور ان کی وجہ سے توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متعلق چیلنجوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ اور منیجنگ ڈائریکٹر دونوں کے ساتھ سینئر حکام، چیف اکنامک ایڈوائزر اننت وی ناگیشورن اور آئی ایم ایف ایف ڈی ایم ڈی گیتا گوپی ناتھ بھی تھے ۔ میٹنگ کے دوران وزیر خزانہ اور منیجنگ ڈائریکٹر نے ہندوستان کے اہم مسائل کے علاوہ عالمی اور علاقائی معیشتوں کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔