آئی ٹی کاریڈار ‘ بڑھتے کرایوں سے عوام پریشان

   

حیدرآباد 16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شہر کے آئی ٹی کاریڈار کے علاقہ میں مکانات کے کرایوں میں مسلسل اضافہ وہاں رہنے والے افراد کیلئے پریشانیوں کا باعث بن رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آئی ٹی کاریڈار اور اطراف کے علاقوں میں کرایہ میں 10 تا 25 فیصد اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ کورونا وباء کے بعد سے یہاں رہائشی فلیٹس اور مکانات کے مینٹیننس میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ مالکین جائیداد پہلے سے کوئی اطلاع دئے بغیر یا کسی معاہدہ کے بغیر ہی کرایوں میں اضافہ کرتے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس علاقہ میں سابق کی بہ نسبت فلیٹس اور مکانات کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایک سال قبل ہی اس علاقہ میں کئی عمارتیں خالی تھیں اور مالکین کرایہ داروں کو تلاش کر رہے تھے ۔ تاہم گذشتہ چھ ماہ میں اس علاقہ میں مکانات و فلیٹس کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ہائی ٹیک سٹی سے چار کیلومیٹر کے فاصلے پر مکانات اور فلیٹس کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے ۔ آئی ٹی کمپنیوں کے ملازمین اور دیگر افراد اس علاقہ میں قیام کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چونکہ طلب میںاضافہ ہوا ہے اسی لئے مالکین کی جانب سے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ۔ کوکٹ پلی ‘ میاںپور کے علاقوں میں بھی رہائش دستیاب ہے تاہم وہاں بھی مکان یا فلیٹس دستیاب ہونا مشکل ہوگیا ہے ۔ کرایہ داروں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی انہیں کورونا وباء اور پھر لاک ڈاون کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اب جبکہ حالات بتدریج معمول پر آنے لگے ہیں تو مالکین کی جانب سے ہر چار تا چھ ماہ میں کرایہ میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔