ٹوکیو: جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی آبادی میں اضافے کیلئے سرکاری ملازمین کو ہفتہ میں صرف چار دن تک کام کرنے کا پابند بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔جاپان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے ، جہاں شرح پیدائش انتہائی کم ہے ، علاوہ ازیں جاپان کو دنیا کی طاقتور ترین قوم کا ملک بھی کہا جاتا ہے ، جہاں کی 25 فیصد سے زیادہ آبادی 65 سال کی عمر پر مشتمل ہے جب کہ وہاں پر مرد حضرات کی اوسط عمر 81 سال جب کہ خواتین کی عمر 83 سال ہوتی ہے ۔جاپانیوں کو جہاں صحت مند اور طویل عمر پانے والی قوم کے طور پر دنیا میں شہرت حاصل ہے ، وہیں اسی قوم کو شرح پیدائش کی کمی کی وجہ سے خطرات کا بھی سامنا ہے ۔شرح پیدائش کو بڑھانے کے لیے حکومت نے گزشتہ چند سال سے وہاں متعدد مراعات کا اعلان بھی کیا ہے ، تاہم اس باوجود وہاں شرح پیدائش میں کوئی خاص اضافہ نہیں دیکھا گیا۔اب جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی مقامی حکومت آبادی بڑھانے کے لیے ملازمین کو ہفتے میں تین دن چھٹی دینے کا منصوبہ پیش کرنے پر غور کر رہی ہے ۔