حج و عمرہ ڈیٹا سنٹر کلاؤڈ پر منتقل، آئندہ حج سیزن کی تیاریاں شروع

   

جدہ، 29 جون (ایجنسیز) سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے وزارت کے حج و عمرہ ڈیٹا سنٹرکی مکمل طور پر کلاؤڈ کمپیوٹنگ (جدید سائبر ٹکنالوجی) پر منتقلی کا افتتاح کردیا۔ اس اقدام کے ساتھ ہی ڈیٹا سنٹر صد فیصد کلاؤڈ نظام پر منتقل ہوگیا، جس سے حجاج اور عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات مزید مؤثر، محفوظ اور تیز رفتار بن جائیں گی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ یہ پیش رفت خادم الحرمین الشریفین کی قیادت کی جانب سے پِلگرمز ایکسپیرینس پروگرام کی مسلسل سرپرستی اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کی تشکیل کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد زائرین کو عالمی معیارکی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج و عمرہ ڈیٹا سنٹرکا قیام 2002 میں عمل میں آیا تھا اورگزشتہ 24 برس سے یہ وزارت کی تمام ڈیجیٹل خدمات کی بنیاد کے طور پر کام کر رہا ہے۔ اب روایتی آئی ٹی انفراسٹرکچر سے مکمل کلاؤڈ ماحول میں منتقلی کے ذریعہ خدمات کی استعداد، لچک اور تسلسل میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ ڈیٹا سنٹر ہر سال 2 کروڑ سے زائد حجاج اور عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس کے تحت الیکٹرانک حج و عمرہ پورٹل، نسک ایپ اور نسک کارڈ سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارم کام کر رہے ہیں۔ یہ نظام 70 سے زائد ملکی و بین الاقوامی اداروں سے منسلک ہے، 5 کروڑ 10 لاکھ سے زائد نسک صارفین کی معاونت کرتا ہے اور 500 سے زیادہ ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے۔ دریں اثنا، مکہ مکرمہ کی پرنسپلٹی کے ادارہ برائے حج و عمرہ امور نے پِلگرمز ایکسپیرینس پروگرام کے اشتراک سے آئندہ حج سیزن کی ابتدائی تیاریوں کے لیے تین روزہ مشاورتی اجلاس منعقد کیے۔ اجلاسوں میں 60 سرکاری و متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں گزشتہ حج سیزن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ سیزن کے لیے عملی منصوبوں، اداروں کے درمیان بہتر رابطہ، پیشگی تیاریوں اور زائرین کو اعلیٰ معیارکی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سفارشات مرتب کی گئیں۔ اجلاسوں میں ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے اور حج انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔