چیف الیکٹورل آفیسر کی ویڈیو کانفرنس، فارمس کی تکمیل میں عوام کی مدد کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔29 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے ریاست میں جاری SIR مہم کے سلسلہ میں ضلعی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے بوتھ لیول آفیسرس اور الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے مہم کے آغاز کے اندرون چار یوم تقریباً 1.73 کروڑ انومیریشن فارمس کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو ہدایت دی کہ فارمس کی مقررہ مدت کے دوران تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے بوتھ لیول آفیسرس سے تعاون کریں۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ بوتھ لیول آفیسرس کو الیکشن کمیشن کے قواعد پر سختی سے عمل کرنا چاہئے ۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں اور بوتھ لیول ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ ایس آئی آر مہم میں سرگرمی سے حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے بوتھ لیول آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ فارمس خانہ پری کے سلسلہ میں عوام کی رہنمائی کریں تاکہ فارمس میں غلطی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس اور دیگر عہدیداروں کو بنیادی سطح پر اس کام کی نگرانی کرتے ہوئے بی ایل اوز کو درپیش مسائل کی یکسوئی کرنی چاہئے۔ انہوں نے رجسٹریشن آفیسرس کو ہدایت دی کہ وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے ایس آئی آر مہم کا جائزہ لیں۔ سدرشن ریڈی نے رائے دہندوں میں شعور بیداری کے علاوہ ووٹر ہیلپ لائین نمبر 1950 اور ہیلپ ڈیسک نمبرس سے واقف کرانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ عوام کی رہنمائی کریں ۔ انہوں نے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بوتھ لیول آفیسرس کے لئے ایک اور مرحلہ ٹریننگ کا منعقد کریں تاکہ فارمس کی خانہ پری میں وہ رائے دہندوں کی مدد کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت کے دوران فارمس کی تقسیم اور ان کی خانہ پری پر توجہ دی جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر وینکٹیشور ریڈی ، ڈپٹی سی ای او جی ایس چاری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ 1/k