آج بارش کا امکان ‘ ووٹ کا جلد استعمال کریں

   

حیدرآباد۔12۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے انتباہ کے پیش نظر ووٹرس کو صبح کی ہی اپنے ووٹ کا استعمال کرکے جمہوری ذمہ داری سے سبکدوش ہوجانا چاہئے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق شہر اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 48گھنٹوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے اسی لئے 13مئی کو ووٹرس کو اپنے حق کے استعمال میں کوتاہی کی بجائے صبح کی اولین ساعتوں ہی اپنے ووٹ سے استفادہ کرکے فارغ ہوجانا چاہئے ۔ دونوں شہروں میں بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے علاوہ دیگر مسائل کا خدشہ ہوتا ہے اسی لئے ووٹرس کو رائے دہی کا عمل شروع ہوتے ہی اپنے حق سے استفادہ کرلینا چاہئے ۔ موسمیات کے انتباہ کے مطابق 13مئی کو سہ پہر 3بجے تک موسم خوشگوار رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ 3بجے کے بعد موسم میں تبدیلی ہوسکتی ہے اور کئی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ خانگی ماہرین کے مطابق کئی علاقوں میں 13 مئی کو موسم خوشگوار رہے گا ۔ شہر میں بھی بارش کے امکانات کے پیش نظر مطلع ابر آلود رہے گا لیکن گذشتہ دنوں کی طرح شدید بارش کا امکان کم ہے لیکن عوام کو بطور احتیاط اپنے ووٹ کے استعمال میں عجلت کا مظاہرہ کرکے اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے ۔3