نئی دہلی : ’حلقہ دار‘ سورج گہن جس میں سورج ’آگ کا چھلا‘ کی مانند دکھائی دیتا ہے، اتوار 21 جون کو ملک کے حصوں میں دیکھا جاسکے گا۔ ماہرین نے یہ گہن سادہ آنکھ سے ہرگز نہ دیکھنے کی صلاح دی ہے۔ وزارت علوم ارضیات نے کہا کہ ہندوستان کیلئے گہن کا جزوی مرحلہ صبح 9:16 بجے شروع ہوگا۔ حلقہ دار گہن مرحلہ کا آغاز 10:19 بجے اور اختتام دوپہر 2:02 بجے ہوگا۔ گہن کا جزوی مرحلہ سہ پہر 3:04 کو ختم ہوجائے گا۔ آسٹرونومیکل سوسائٹی آف انڈیا نے کہا کہ راجستھان، ہریانہ اور اترکھنڈ کے بشمول شمالی ہند کی مختصر پٹی کیلئے یہ گہن خوبصورت حلقہ دار شکل اختیار کرے گا جب چاند اس حد تک قریب نہ رہے گا کہ سورج کے مقابل مکمل طور پر آڑ بن سکے۔ بقیہ ملک کیلئے یہ فلکیاتی نظارہ جزوی سورج گہن ہوگا۔