آج سے پاکستان بھر میں پرائمری اسکول کھولنے کا اعلان

   

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کل چہارشنبہ سے پرائمری اسکول کھل جائیں گے۔این سی او سی کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بچوں کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرائمری اسکولز کھولنے سے متعلق صوبوں سے بھی مشاورت کی۔انہوں نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کو بند کیا گیا۔ ’والدین کو تسلی دینا چاہتے ہیں ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔‘شفقت محمود نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور انتظامیہ نے کورونا کے دوران تعاون کیا جس پران کے مشکور ہیں۔دوسری جانب پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ کل چہارشنبہ سے پورے صوبے میں سرکاری اور نجی پرائمری اسکول کھل جائیں گے۔وزیر تعلیم نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ اسکول واپس آنے والوں میں پرائمری کلاسوں کے طلبا کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔’تمام سکولز میں ایس او پیز کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا۔‘انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد میں تعاون کریں۔خیال رہے کہ این سی او سی نے نویں دسویں اور بڑی جماعتوں کو 15 ستمبر سے جب کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکولوں کو 22 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔تاہم حکومت سندھ نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر دوسرے مرحلے کے تحت 22 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔ تاہم صوبے بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کی جماعتوں میں تعلیمی سرگرمیاں 28 ستمبر سے بحال کی گئیں۔