حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( پریس نوٹ) بہ سلسلہ چہلم شہیدان کربلا مرکزی ماتمی جلوس اربعین 20 صفر کو ٹھیک 1 بجے دن مسجد جعفری کوٹلہ عالیجاہ سے برآمد ہوکر براہ اعتبار چوک، منڈی میر عالم، پرانی حویلی سے ہوتاہوا بارگاہِ بیمار کربلا الاوہ سرطوق مبارک اختتام پذیر ہوگا۔ صدر مرکزی انجمن سید نجف علی شوکت ( جرنلسٹ ) کے بموجب مرکز کے عہدیداران و دیگر انجمنوں کے صدور جلوس کی نگرانی کریں گے۔ جلوس میں 25 ماتمی تنظیمیں شرکت و سینہ زنی کریں گی۔ مرکزی انجمن کے مطابق کوٹلہ عالیجاہ سے علم مبارک سید الساجدین حضرت امام زین العابدین، انجمن پروانہ شبیر کی نوحہ خوانی و سینہ زنی کے ہمراہ پرانی حویلی پہنچے گا، بعد ازاں گروہ جعفری ( آغا عباسی ) کے صدر تنویر آغا کی نوحہ خوانی و سینہ زنی کے ساتھ علم مبارک بیمار کربلا دارالشفاء پہنچے گا جبکہ مخالف سمت سے استقبالیہ علم مبارک روضہ حضرت امام حسین کے پہلے ذائر جابر ابن عبداللہ انصاری کا علم مبارک گروہ اصغر بے شیر کی نوحہ خوانی و سینہ زنی کے ہمراہ علم مبارک حضرت امام زین العابدین کی سمت بڑھے گا۔ تنویر آغا کی نوحہ خوانی میں اپنے مقررہ مقام پر ملائے جائیں گے۔