آدی واسی خواتین کا بیلٹ شاپ مالک پر حملہ

   

شراب کی دکانات کو بند کرنے پر زور ، غیر مجاز شراب فروختگی پر شدید ردعمل
حیدرآباد /19 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ضلع آصف آباد ( کمرم بھیم ) کیرامیری منڈل میں آدی واسی ( قبائیلی ) خواتین کی جانب سے بیلٹ شاپ چلانے والے مالک دوکان پر حملہ کرکے شدید زدوکوب کرتے ہوئے زخمی کردینے کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق آدی واسی خواتین نے گذشتہ چند دنوں قبل ہی بیلٹ شاپس نہ چلانے بلکہ فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ریالی منظم کی تھی ۔ لیکن بیلٹ شاپ مالکین کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور کوئی بھی بیلٹ شاپ بند نہیں کی گئی ۔ جس پر شدید برہم قبائیلی خواتین نے بیلٹ شاپ مالک پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقام واقعہ پر پہونچکر شاپ مالک کو حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک ہی ایجنسی علاقہ میں مکمل نشہ بندی پر عمل آوری ہو رہی ہے اور قبائیلی تنظیموں کی جانب سے منظورہ قراردادوں کی روشنی میں ایجنسی علاقوں میں پائے جانے وائن شاپس کیلئے خود عہدیداران ریاستی محکمہ نشہ بندی و آبکاری نے ٹنڈرس طلب نہیں کئے ۔ جس کی وجہ سے ایجنسی علاقوں میں منظورہ شراب کی دوکانیں نہیں ہیں اور باقاعدہ طور پر شراب کی فروختگی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔ لیکن غیر مجاز طور پر شراب کی دوکانیں چلائی جارہی ہیں ۔ا سی دوران قبائیلی خواتین نے منظورہ شراب کی دوکانیں نہ چلائی جانے پر بیلٹ شاپس بھی بند کردینے کے مطالبہ پر ایجنسی علاقہ کے گاؤں گاؤں جاکر مہم چلاتے ہوئے بیلٹ شاپس میں پائے جانے والے شراب کی بوتلوں کو برسر موقع پھوڑ ڈالتے ہوئے بیلٹ شاپ مالکین کو وارننگ دے چکے ہیں ۔ قبائیلی خواتین تنظیموں کے مطابق تنظیموں کی جانب سے منظورہ قراردادوں کی کوئی بھی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں دس ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ ساتھ بیلٹ شاپس پر حملہ کرکے شراب کو ضائع کردینے کا سخت انتباہ دیا ۔