لکھنو۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھیلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ اپنی سرپرست تنظیم آر ایس ایس کی ہدایت پر وہ نفرت کی سیاست کررہی ہے۔
ایک بیان میں یادو نے کہاکہ یہ بات پوشیدہ نہیں ہے کہ بی جے پی اپنی سرپرست تنظیم آر ایس ایس کی ہدایت پر سماج میں تقسیم او رنفرت کی سیاست کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ وہی سیاست ہے جو خوفناک بدامنی کے پس پردہ ہے جو ملک کو برباد کررہی ہے‘ بی جے پی کے ایک رکن کی الفاظ سے ایک بڑی کمیونٹی کو ٹھیس پہنچی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”بی جے پی حکومت اس بدبحتانہ تنازعہ کو حل کرنے کے لئے مضبوط اقدامات نہیں اٹھارہی ہے اور یہ بحران مزید کشیدگی اختیار کرتا جارہا ہے“۔ایس پی لیڈر نے کہاکہ بی جے پی کا رویہ اب بھی منصفانہ نہیں ہے۔
یادو نے کہاکہ ”یہ کیسا ہے کہ ایک فرد کا بیان جس سے امن درہم برہم ہورہا ہے او ردنیا بھر سے مذمت کی جارہی ہے اس کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے‘ وہیں رام راجیہ میں شیطانی بلڈور چلایاجارہا ہے؟“۔
سابق چیف منسٹر اترپردیش نے کہاکہ ہماری ثقافت‘ مذہب اور ائین بی جے پی حکومت کو اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کسی کے گھر کو بغیر کسی قانونی موقع فراہم کئے منہدم کریں یا بے قصور لوگوں کو گرفتار ی یا پھر ایک خاص کمیونٹی پر الزام لگائیں۔
یادو نے کہاکہ اترپردیش بی جے پی کے دور حکومت میں دنیا بھر کے سامنے شرمند ہورہا ہے کیونکہ عوام کے جمہوری حقوق برائے پرامن احتجاج نظر انداز کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ”نظم ونسق کی برقراری کی ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے جس میں وہ مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ ہر شعبہ میں اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے چیف منسٹر عوام کوگمراہ کرنے کے لئے من گھڑت کھانی بنارہے ہیں“۔