آر جے ڈی کا10 لاکھ جاب کاانتخابی وعدہ مضحکہ خیز

   

بہار اسمبلی چناؤ کی مہم کا آغاز ۔ نتیش کمار کا پارٹی ورکرس سے خطاب

پٹنہ : چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے جے ڈی (یو ) کے لئے انتخابی مہم کا پیر کو آغاز کرتے ہوئے آر جے ڈی کے اس دعوے کا مضحکہ اُڑایا کہ برسراقتدار آنے پر پہلی کابینی میٹنگ میں ہی 10 لاکھ سرکاری نوکریوں کو منظوری دی جائے گی ۔ نتیش نے تعجب ظاہر کیا کہ آیا کابینی اجلاس اُن کی 15 سالہ حکمرانی کے دوران مناسب ڈھنگ سے منعقد کئے گئے ؟ تاہم ، اُنھوں نے اس معاملے میں اپوزیشن پارٹی کے دعویٰ کی ہنسی اُڑاتے ہوئے کسی کا نام نہیں لیا ۔ آر جے ڈی کے وزارت اعلیٰ اُمیدوار تیجسوی یادو نے حال ہی میں اعلان کیا کہ اگر عظیم اتحاد کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو پہلے کابینی اجلاس میں 10لاکھ سرکاری جابس کو منظوری دی جائے گی ۔ نتیش نے 11اسمبلی حلقوں کے پارٹی ورکرس اور ووٹروں سے ورچول خطاب میں کہا کہ اُن کی حکومتوں نے تین میعادوں کے دوران 2005 ء سے کئی کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں اور ان کا اُس سے قبل کی 15 سالہ حکمرانی کے دوران کئے گئے کام سے تقابل کیا۔ یہ 11 اسمبلی حلقے 28 اکٹوبر کو پہلے مرحلے کی پولنگ میں شامل ہیں۔ آر جے ڈی بہار میں 1990 ء سے 2005 ء تک اقتدار میں رہی ۔ نتیش نے کہا کہ وہ بعض دیگر حلقوں کے لئے منگل کو ایک اور ورچول ریالی سے خطاب کریں گے جہاں فرسٹ راؤنڈ میں ہی ووٹنگ ہوگی ۔ بہار کے اسمبلی الیکشن کے پہلے مرحلہ میں مجموعی طورپر 71 حلقوں میں پولنگ ہوگی ۔ چہارشنبہ سے نتیش کمار این ڈی اے امیدواروں کیلئے مختلف حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے مہم چلائیں گے۔