آر سی بی دوسرے سال بھی آئی پی ایل چمپئن

,

   

گجرات ٹائٹنز کو سیزن 2026ء کے فائنل میں شکست، کوہلی کو میچ ایوارڈ

احمدآباد، 31 مئی (ایجنسیز) رائل چیلنجرز بنگلورو نے آج گجرات ٹائٹنز کو فائنل میں 5 وکٹ سے شکست دیکر انڈین پریمیر لیگ 2026ء کی چمپئن شپ جیت لی۔ 156 کے ٹارگٹ پر ویراٹ کوہلی کی شاندار ہاف سنچری (75، 42 گیندیں) کے ساتھ آر سی بی نے 18 اوورز میں 161/5 پر کامیابی پائی۔ کوہلی کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔ یہ آر سی بی کا لگاتار دوسرا آئی پی ایل ٹائٹل ہے۔ وہ پہلی مرتبہ سیزن 2025ء کے چمپئن بنے تھے۔ یہاں نریندر مودی اسٹیڈیم میں رجت پاٹیدار نے ٹاس جیتا اور شبھ من گل کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی۔ اوپنرز گل (10) اور سائی سدرشن (12) ناکام ہوئے جبکہ پانچویں نمبر کے واشنگٹن سندر کی ففٹی (50) کی مدد سے جی ٹی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 155/8 اسکور کرپائی۔ راسکھ سلام (3/27) کامیاب بولر بنے۔ راجستھان رائلز کے ویبھو سوریہ ونشی نے ٹورنمنٹ کے کامیاب بیاٹر (776 رنز) بننے پر اورنج کیاپ جیتی جبکہ گجرات کے کگیسو رباڈا کو سب سے زیادہ 29 وکٹوں پر پرپل کیاپ ملی۔ محمد سراج کو سب سے زیادہ 172 ڈاٹ بالز کا ایوارڈ دیا گیا۔ سوریہ ونشی کو سیزن کے ’اُبھرتے کھلاڑی‘، ’سب سے قیمتی کھلاڑی‘، سب سے زیادہ چھکے (72) لگانے اور بہترین اسٹرائک ریٹ (237+)‘ کے اعزاز بھی حاصل ہوئے۔