عوام کی بے چینی دور کرنے کیلئے مینیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 22 نومبر ( سیاست نیوز) آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ اشتہارات کا سلسلہ اب بند ہونے والا ہے ۔ نقصانات کا شکار آر ٹی سی کو ان اشتہارات سے سالانہ 20 کروڑ کی آمدنی ہوا کرتی تھی ۔ تاہم منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے بسوں پر اشتہارات پر پابندی عائد کردی ہے اور کسی بھی قسم کے اشتہارات تحریر کرنے پر فوجداری مقدمات درج کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ ٹی ایس آر ٹی سی ایم ڈی کے اس فیصلہ کو کافی اہمیت دی جارہی ہے ۔ ایک ایسے وقت یہ فیصلہ لیا گیا جب آر ٹی سی نقصانات کے دور سے گذر رہی ہے ۔ آر ٹی سی کے ایم ڈی نے اپنے فیصلہ کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی متعدد شکایتیں اور بسوں کو اشتہارات کے ذریعہ ہورہے نقصانات اور عوامی بے چینی کو دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بسوں پر رئیل اسٹیٹ پراجکٹوں کے اشتہارات ، فلموں کے پوسٹرس ، مختلف کمپنیوں کے اشتہارات ، ملبوسات ، ہاسپٹلز ، سرکاری اسکیمات ، مختلف کارپوریشن کی اسکیمات ، نئے پراڈکٹس کے اشتہارات دکھائی دیتے تھے جس پر اب پابندی لگادی گئی ہے ۔ آر ٹی سی بس اب صرف بس کی طرح اپنے روایتی انداز میں دکھائی دے گی ۔ بسوں پر فلموں اور مختلف پراڈکٹس کے اشتہارات میں خواتین کی نیم عریاں تصاویر ، بیہودہ بیانات ، طرح طرح کے فقرے ، آر ٹی سی کو خواتین کی متعدد شکایتیں وصول ہوئی جس میں خواتین نے دل آزاری اور نچلے افراد کیلئے فقرے کسنے کا بہانہ اور ناقابل بیان تکالیف اور بس اسٹاپ پر ٹھہرنے اور سفر کرنے میں ان اشتہارات کے ذریعہ تکالیف کا تذکرہ کیا تھا ۔ ایسی شکایتیں سابق میں بھی حاصل ہوئی تھیں ۔ اس کے علاوہ پہلے اشتہارات کیلئے بسوں پر پینٹنگ کی جاتی تھی لیکن اب ونیائیل پوسٹرس کے طریقہ کار کا راج چل پڑا ہے ۔ اشتہارا کی مدت ختم ہونے کے بعد اس کو نکال دیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی آر ٹی سی کو نقصان ہورہا ہے ۔ اس کے علاوہ بسوں پر اشتہارات کی بھرمار سے بسوں کی تمیز ختم ہوتی جارہی ہے ۔ بس آر ٹی سی ہے یا پھر ایکسپریس لکژری ، اس کا پتہ نہیں چلتا اور نہ ہی بس پر موجود لوگو ایمبلم بھی دکھائی نہیں دیتا ۔ ان سب وجوہات کے سبب اشتہارات پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ ع