اسکیم کو متاثر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے مفت سفر کی سہولت کے خلاف بعض گوشوں کی جانب سے قابل اعتراض ویڈیوز وائرل کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور اس سلسلہ میں تحقیقات کی ضرورت ظاہر کی۔ اسمبلی میں پونم پربھاکر نے کہا کہ خواتین کو مفت سفر کی سہولت سے متعلق وعدہ کی کانگریس حکومت نے تکمیل کی ہے اور خواتین نے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں خواتین اس سہولت سے استفادہ کررہی ہیں لیکن سوشیل میڈیا پر بعض ایسے ویڈیوز وائرل کئے گئے جس کے ذریعہ خواتین کی توہین کی گئی۔ حضورآباد سے جمی کنٹہ جانے والی بس میں خواتین کو لہسن چھیلتے ہوئے دکھایا گیا اور یہ تاثر دیا گیا کہ خواتین غیر ضروری بسوں میں سفر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور ویڈیو میں خاتون کو ٹوتھ برش کے ساتھ بس میں سفر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی جانب سے جان بوجھ کر ایسے ویڈیوز وائرل کئے جارہے ہیں تاکہ اسکیم کو متاثر کیا جاسکے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ 9 ڈسمبر 2023 سے مفت سفر کی اسکیم متعارف کی گئی جو کامیابی سے جاری ہے۔ تاحال 70 کروڑ خواتین نے اس سہولت سے استفادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمراہ کن ویڈیوز تیار کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے کارروائی کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین متعارف ہونے کے بعد آر ٹی سی میں 5 لاکھ مسافرین کی کمی واقع ہوئی۔ پونم پربھاکر نے آٹو ڈرائیورس کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ان کی پارٹی مفت سفر کی اسکیم کی تائید کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ نئی بسوں کا اضافہ کیا جائے۔1