آر ٹی سی ملازمین کی جے اے سی کو مذاکرات کی دعوت

   

9 فروری سے ہڑتال روکنے کی مساعی
حیدرآباد ۔6۔فروری (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کیلئے مدعو کیا ہے۔ آر ٹی سی ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 9 فروری سے ہڑتال کی نوٹس دی ہے۔ جے اے سی قائدین نے 27 جنوری کو 21 مطالبات کے ساتھ ہڑتال کی نوٹس آر ٹی سی انتظامیہ کے حوالے کی۔ ہڑتال کی تاریخ کے قریب آتے ہی حکومت نے جے اے سی کو مذاکرات کیلئے مدعو کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے 10 فروری کو سہ پہر 4 بجے مذاکرات کیلئے مدعو کیا گیا ۔ لیبر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی جانب سے بات چیت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ ملازمین کے مسائل کا جائزہ لیا جاسکے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر بھی آر ٹی سی ملازمین کی جے اے سی سے مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ تاہم عہدیداروں کے ساتھ بات چیت میں جے اے سی کے رویہ کو دیکھنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔ آر ٹی سی ملازمین ادارہ کو حکومت میں ضم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ بی آر ایس حکومت نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن عملی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ آر ٹی سی ملازمین دو پی آر سی پر عمل آوری سرکاری ملازمین کے مطابق کنڈکٹرس اور ڈرائیورس کی تنخواہیں ، پی ایف اور دیگر مراعات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ الیکٹرک بسوں کی خریدی کی ذمہ داری آر ٹی سی کو دیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ آر ٹی سی کی ترقی کیلئے بجٹ میں تین فیصد حصہ داری مختص کی جائے۔ آر ٹی سی جے اے سی کے 21 مطالبات پر حکومت نے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔1