پرجا وانی میں متاثرہ خاندانوں کی آمد، جی وجیہ لکشمی نے ہمدردانہ سماعت کی
حیدرآباد۔23 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کی نائب صدرنشین جی وجیہ لکشمی نے آر ٹی سی میں خدمات سے برطرف کئے گئے ملازمین اور ان کے افراد خاندان کو تیقن دیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بات چیت کرتے ہوئے ملازمت کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مختلف وجوہات کے سبب آر ٹی سی میں ملازمت سے محروم افراد نے پرجا وانی پروگرام میں وجیہ لکشمی سے ملاقات کی۔ وجیہ لکشمی پرجا وانی پروگرام کی ریاستی انچارج ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر سے اس سلسلہ میں بات چیت کرنے کا بھروسہ دلایا۔ واضح رہے کہ کووڈ 19 کے دوران آر ٹی سی میں مسلسل غیر حاضری اور دیگر وجوہات کے سبب کئی ملازمین کو خدمات سے برطرف کردیا گیا تھا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بھی خدمات سے برطرف کئے گئے ملازمین کی بحالی کا تیقن دیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی حکام نے حال ہی میں 317 ملازمین کی خدمات کو بحال کردیا جبکہ مزید 180 ملازمین بحالی کے منتظر ہیں۔ جی وجیہ لکشمی نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ پرجا بھون میں 263 واں پرجا وانی پروگرام منعقد ہوا جس میں جملہ 103 درخواستیں موصول ہوئیں۔ وجیہ لکشمی اور دیگر عہدیداروں نے عوامی مسائل کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ ریونیو سے متعلق 27 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ بی سی ویلفیر 18 ، بلدی نظم و نسق 14 اور دیگر محکمہ جات کی 44 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس پروگرام میں اسٹیٹ نوڈل آفیسر کے ودیا ساگر ، ڈپٹی کلکٹر وینکٹیشورلو اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔1/k/m/b